پیپلز پارٹی اپنے نظریے، آئین اور عوامی حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی: نیلم جبار چوہدری، اقتدار عارضی ہے، وفاداری اور اعلیٰ ظرفی ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہے، کسان اور عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے شدید متاثر ہیں
*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)سابق صوبائی وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی میڈم نیلم جبار چوہدری نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ جن درختوں نے ہمیشہ دوسروں کو سایہ دیا، کم ظرف لوگ اقتدار کی عارضی چمک میں اکثر اسی سایہ دار درخت کی چھاؤں کو بھول جاتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ دائمی بادشاہی صرف اللہ تعالیٰ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار آنی جانی چیز ہے، جبکہ وفاداری، کردار اور اصول پسندی ہی ایک سیاست دان کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کارکنوں کو عزت، شناخت اور سیاسی مقام دیا۔ جن افراد کو گمنامی سے نکال کر اسمبلیوں اور ایوانوں تک پہنچایا گیا، آج انہی میں سے بعض لوگ اقتدار کی عارضی کشش میں مبتلا ہو کر اپنی ہی جماعت کے خلاف زبان استعمال کر رہے ہیں، جو سیاسی اخلاقیات کے منافی ہے۔نیلم جبار چوہدری نے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنی سیاسی وابستگی تبدیل بھی کر لے تو اسے کم از کم اس جماعت کا احترام ضرور کرنا چاہیے جس نے اسے سیاسی شناخت دی۔ سیاست میں الفاظ کا چناؤ، شائستگی اور برداشت انتہائی اہم ہیں اور ہر شخص کو اپنے مقام اور سیاسی وقار کے مطابق گفتگو کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور انتظامی کمزوریوں کے باعث عوام اور بالخصوص کسان شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ گندم کی سرکاری خریداری، کھاد اور بیج کی دستیابی جیسے اہم معاملات میں کسانوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ترقیاتی فنڈز مخصوص علاقوں تک محدود کر دیے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی اصولوں، آئینی بالادستی اور وفاقی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات پر آئینی اور قانونی مؤقف اختیار کرنا کمزوری نہیں بلکہ ایک بالغ نظر اور ذمہ دار قیادت کی پہچان ہے۔نیلم جبار چوہدری نے کہا کہ جو لوگ حقائق پر مبنی مؤقف کو صفائیاں قرار دیتے ہیں، وہ جمہوری سیاست کی روح سے ناواقف ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں، جدوجہد اور اصولوں سے عبارت ہے اور اس کے قائدین و کارکنان نے ہمیشہ آمریت اور غیر جمہوری قوتوں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محض پریس کانفرنسوں اور ذاتی تنقید سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے، بلکہ حقیقی سیاست وہ ہے جو آئین کی بالادستی، وفاق کے استحکام، کسانوں کے حقوق اور عام آدمی کی فلاح کے لیے کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات پر چلنے والے کارکن ہمیشہ عوامی حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے۔سابق صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر فورم پر عوام، کسانوں، مزدوروں اور محروم طبقات کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ پارٹی اپنے نظریاتی مؤقف، جمہوری اقدار، آئین کی سربلندی اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ چٹان کی مانند ثابت قدم رہے گی اور کسی بھی دباؤ یا سیاسی مصلحت کے تحت اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔*












