انس سرور کی برطانوی وزیرِ تجارت کی حیثیت سے تقرری پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، راجہ کامران ایڈووکیٹ
*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) سابق ایڈوائزر گورنر پنجاب اور سابق صدر بار ایسوسی ایشن راجہ کامران ایڈووکیٹ نے سابق گورنر پنجاب اور برطانیہ کے سابق رکن پارلیمنٹ چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی اور ان کے صاحبزادے انس سرور کو برطانوی حکومت میں وزیرِ تجارت مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے چوہدری محمد سرور کو گلدستہ بھی پیش کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔راجہ کامران ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انس سرور کی برطانوی کابینہ میں وزیرِ تجارت کی حیثیت سے تقرری نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے اعزاز اور باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی کامیابیاں اس امر کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی صلاحیت، محنت اور قابلیت کے اعتبار سے دنیا کے کسی بھی ملک میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انس سرور کی یہ اہم ذمہ داری پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگی اور اس سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور دوستانہ تعلقات کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ راجہ کامران ایڈووکیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ انس سرور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے سے نئی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گے اور پاکستانی کمیونٹی سمیت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔آخر میں راجہ کامران ایڈووکیٹ نے انس سرور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی نئی ذمہ داریوں میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور انہیں عوامی خدمت کے میدان میں مزید عزت، وقار اور کامیابیوں سے نوازے۔*













