مولانا عبیدالرحمن ضیاءکی علمی و دینی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔وہ حق گوئی کی علامت اورمزہبی روداری کے علمبردار تھے۔۔ علامہ احمد لدھیانوی و دیگر مقررین کا خراج تحسین۔
فیصل آباد(سٹار نیوز آن لائن ) مرکزی علماء کونسل پاکستان کے وائس چیئرمین مولانا عبید الرحمن ضیاء انتقال کرگئے۔ان کی نماز جنازہ شیخ الحدیث باب العلوم مولانا منیر احمد نے پڑھائی۔نماز جنازہ میں چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی،اہل سنت والجماعت پاکستان کے صدر مولانا محمد احمد لدھیانوی،حافظ شعبان صدیقی،مولانا شبیر احمد عثمانی،حافظ شعیب الرحمن قاسمی،حافظ محمد امجد،مولانا مشتاق احمد لاہوری،مولانا عبد الرؤف چشتی،مولانا معاذ عباسی،حافظ حنیف سمیت شہر کی تمام دینی اور سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔شرکائے جنازہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہاکہ مولانا عبید الرحمن ضیاء کی وفات ایک عظیم سانحہ ہے آپ ؒ نہایت متقی،پرہیز گار اور خوش اخلاق عالم دین اور نیک سیرت انسان تھے ان کی وفات سے پاکستان ایک اچھے خطیب اور ممتاز باعمل عالم سے محروم ہوگیا ہے مولانا نے ہمیشہ پاکستان سمیت برطانیہ میں بھی توحید و سنت کا درس دیا اور جامعہ عبیدیہ ضیاء القرآن کو قائم کر کے ایک یادگار تعلیم کا مرکز ورثہ میں چھوڑا۔قائد اہل سنت مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہاکہ ممتاز عالم دین مولانا عبید الرحمن ضیاء کی وفات پردل رنجیدہ ہے مولانا عبید الرحمن ضیاء کی علمی اور دعوتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گامولانا کی وفات سے ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے مولانا عبید الرحمن ضیاء کو ایک تجربہ کار خطیب مذہبی رہنماء اور منفرد مبلغ اسلام کی حیثیت سے جانا جاتا رہا ہے۔مولانا شبیر احمد عثمانی نے کہاکہ دینی معاملات میں مولانا عبید الرحمن ضیاء حق گوئی کی علامت تھے اور انہوں نے ہمیشہ معاشرے میں مذہبی رواداری اور امن کو فروغ دیا ہے۔ مولانا عبدالرؤف چشتی نے کہاکہ آج ہم میں مولانا عبید الرحمن ضیاء موجود نہیں ہیں مگر ان کی تعلیمات اور فیض ہمارے درمیان ہمیشہ رہے گا۔حافظ محمد امجد نے کہاکہ مولانا ایک اچھے انسان تھے پیغام پاکستان قومی بیانیہ کی توثیق بھی انہوں نے کی اور پنجاب بھر میں اس کو عام کیا۔حافظ محمد شعبان صدیقی نے کہاکہ مولانا عبید الرحمن ضیاء اسلام کے لیئے کام کرہے تھے تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔حافظ شعیب الرحمن قاسمی نے کہاکہ مولانا عبید الرحمن جیسے عالم دین کی موت سے ہم صدمے سے دوچار ہیں مولانا نے ہمیشہ تمام علماء اور خطباء کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ہمیشہ اتحاد بین المسلیمن کو فروغ دیا ہے۔مولانا مشتاق احمد لاہوری نے کہاکہ مرکزی علماء کونسل پاکستان مولانا عبید الرحمن ضیاء کی دینی ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔اس موقع پر مولانا عبید الرحمن ضیاء کے صاحبزادگان مولانا ابوبکر ضیاء، مولانا خالد محمود ضیاء، مولانا راشد محمود ضیاء،حافظ ضیاء الرحمن ضیاء،حافظ حسن معاویہ ضیاء، حافظ عطا الرحمن ضیاء،حافظ محمد احمد ضیاء سے اظہارتعزیت کی گئی۔
رپورٹ ۔۔محمد عمرفاروق












