ملتان میں کوروناکے حوالے سے ریڈ زون قراردیئے جانے والے علاقوں میں حفاظتی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ علاقے میں کھانے پینے اور میڈیکل سٹور کے علاوہ تمام کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ رینجرز اور پولیس کے اہلکارتعینات کرکے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کیاگیا ہے ان میں نیوملتان کے وی اور وائی بلاکس، شاہ رکن کالونی کا بلاک نمبر کے، ڈی اور ایچ شامل ہیں جبکہ ایم ڈی اے چوک سے سرکٹ ہائوس تک کا علاقہ بھی آمدورفت کے لیے ممنوع قراردیدیاگیا ہے۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سمارٹ لاک ڈائون ایریاز کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ایم ڈی اے چوک کے اطراف میں واقع آبادیوں کا معائنہ کیا، اس کے علاوہ عامرخٹک نے شاہ رکن عالم اور نیو ملتان کے سمارٹ لاک ڈائون کی زد میں آنیوالے بلاکس کا بھی دورہ کیا ۔انہوں نے لاک ڈائون کی گئی سٹریٹس کو خاردار باڑ سے بند کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈائون کئے گئے ایریازمیں غیر ضروری نقل و حمل پر پابندی لگا دی جائے اورپولیس کی مدد کے لئے سول ڈیفنس اور کارپوریشن کا مزید سٹاف تعینات کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے جن ڈاکٹرز کو ایریاز کا فوکل پرسن نامزد کیا ہے اس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔لاک ڈاون ایریاز میں ریسکیو1122 اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ڈس انفکشن کا عمل شروع کرے۔انہوں نے ہدایت کی کہ لاک ڈائون ایریاز میں ادویات،دودھ، سبزی،فروٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ لاک ڈائون ایریاز کا اچانک وزٹ کروں گا۔
اس موقع پر انہوں نے تنبیہ کی کہ لاک ڈائون ایریاز میں تعینات افسران اور اہلکاروں کی طرف سے ڈیوٹی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔کورونا وائرس کا خاتمہ کرکے لاک ڈائون کے فیصلے کو نتیجہ خیز بنانا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شاہ رکن عالم کالونی اور نیو ملتان میں لوڈ شیڈنگ کا بھی نوٹس لیا۔ڈپٹی کمشنرنے میپکو حکام سے رابطہ کیا اورمرمت کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے حکم دیا کہ کل سے لاک ڈاون والے علاقے میں کوئی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے