یومِ عاشور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مثالی طبی خدمات، ڈاکٹر شہاب عالم اور طبی عملہ عوامی خراجِ تحسین کا مرکز

تحریر وترتیب: محمد زاہد مجید انور

*محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشور نہایت حساس اور اہم مذہبی موقع ہوتا ہے، جس کے دوران امن و امان کے ساتھ ساتھ بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی بھی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہوتی ہے۔ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یومِ عاشور کے دوران عزاداروں اور شہریوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع اور مؤثر انتظامات کیے گئے، جنہیں عوامی حلقوں نے بے حد سراہا۔ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شہاب عالم کی زیر نگرانی ایمرجنسی، ٹراما سینٹر، ایمبولینس سروس، ادویات، طبی آلات اور ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت تمام شعبے مکمل طور پر فعال رہے۔ یومِ عاشور کے دوران عزاداروں اور دیگر مریضوں کو بروقت، معیاری اور بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، جس سے محکمہ صحت کی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی اظہار دیکھنے میں آیا۔شدید گرمی، غیر معمولی رش اور حساس حالات کے باوجود ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف، فارماسسٹ، ایمرجنسی عملے، صفائی کے کارکنوں اور دیگر اہلکاروں نے دن رات خدمت انجام دیتے ہوئے جذبۂ انسانیت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کی بہترین مثال قائم کی۔ انہوں نے ہر مریض اور عزادار کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔عوامی، سماجی، مذہبی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شہاب عالم اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے تمام طبی و انتظامی عملے کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شبانہ روز محنت اور خدمت کے جذبے نے ثابت کر دیا کہ عوام کی جانوں کا تحفظ اور بہترین علاج ان کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں نے اس عزم، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے احساس کو حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی مظہر قرار دیا۔اس موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے بھی ہسپتال کے تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف، ایمرجنسی اہلکاروں اور دیگر ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔ پیغام میں کہا گیا کہ شدید گرمی، حساس حالات اور مسلسل ڈیوٹی کے باوجود آپ سب نے جذبۂ خدمت، ایثار، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ آپ سب واقعی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، آپ کو جزائے خیر عطا کرے اور مزید توفیق دے کہ آپ اسی جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے رہیں۔ آمین۔یقیناً یومِ عاشور کے دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کی بہترین طبی خدمات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ جب باصلاحیت قیادت، منظم حکمت عملی اور مخلص طبی عملہ ایک مقصد کے تحت کام کرے تو مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ ڈاکٹر شہاب عالم اور ان کی پوری ٹیم کی یہ خدمات قابلِ تحسین ہیں اور ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھی جائیں گی۔*