چکنمبر 3/3 آر کنڈل کھوکھراں میں نظامِ پاکستان کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ، 104 مریضوں کا مفت طبی معائنہ
احمدپورسیال کنڈل کھوکھراں: چکنمبر 3/3 آر کنڈل کھوکھراں میں ٹیم نظامِ پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد علاقے کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا تھا۔
فری میڈیکل کیمپ میں جناح ہسپتال کے ڈاکٹر عبداللہ امیر ملک اور ان کی طبی ٹیم نے بھرپور خدمات انجام دیں۔ کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 104 مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ مریضوں کو ضرورت کے مطابق ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں۔
کیمپ کی نگرانی پاکستان سکول سسٹم کے ڈائریکٹر جناب ممتاز حسین جگوال اور منظور حسین وپاری نے کی۔ اس موقع پر مریضوں کی دیکھ بھال، رہنمائی اور کیمپ کی انتظامی امور کی نگرانی میں چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد غلام یاسین جگوال نے بھی اہم خدمات سرانجام دیں۔
کیمپ میں آنے والے مریضوں اور اہلِ علاقہ نے ٹیم نظامِ پاکستان کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اور عوامی خدمت کے پروگرام علاقے کے لوگوں کے لیے نہایت مفید ہیں۔
ٹیم نظامِ پاکستان کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے ایسی خدمت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔













