کم لاگت والے گھروں کی تعمیر، وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
اسلام آباد (سٹار نیوز آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی ہاؤسنگ تعمیرات کااجلاس آج ہوگا، جس میں کمیٹی ہاؤسنگ کےجاری منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی ہاؤسنگ تعمیرات کااجلاس آج دوپہر12 بجےوزیراعظم ہاؤس میں ہوگا ، کمیٹی کم لاگت والے گھروں سے متعلق رابطہ کاری اورسہولت کاری انجام دے گی۔
اجلاس میں ہاوسنگ،منصوبہ بندی،خزانہ، توانائی ،پیٹرولیم اور قانون و انصاف کے افسران شریک ہوں گے جبکہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز و نمائندگان سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔
کمیٹی ہاؤسنگ کےجاری منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لے گی۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے رابطہ کمیٹی ترقی و تعمیرات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں ایک گھر پر تقریباً 3 لاکھ کی سبسڈی دی جائے گی، بینک سے جو قرضہ لیا جائے گا، 5 مرلےکے گھر پر5 فیصدسود دینا ہوگا، پہلے مرحلے میں 10 مرلے کے گھر کے لیے 7 فیصد سود دینا ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بینکوں کو کہا ہے کہ 5 فیصد پورٹ فولیو صرف تعمیرات کے لیے رکھیں، مجموعی طور پر یہ رقم 330 ارب روپے بنتی ہے، قومی رابطہ کمیٹی کا مقصد ہوگا بینکوں کے ساتھ جو رکاوٹیں ہوں گی انہیں دور کریں گے۔
مزید پڑھیں : نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ گھر بنیں گے، وزیراعظم
عمران خان نے کہا کہ تعمیرات سے متعلق ون ونڈو آپریشن کردیا ہے، ہر صوبہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے کام چلائے گا، ایک ویب پورٹل بنائئیں گے محکموں میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی جس سے وقات کی بچت ہوگی، بھاگ دوڑ میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پروجیکٹ صرف اسی سال کے لیے رکھا ہے، تعمیرات میں جو بھی سرمایہ کاری کرے گا اس سے پوچھ گچھ نہیں ہوگی، ہمیں اس پروجیکٹ کے لیے 31 دسمبر تک وقت ملا ہے، لوگوں سے کہتا ہوں 31 دسمبر تک جتنی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں کریں، کبھی کسی حکومت نے عام لوگوں کو گھر بنانے کے لیے ایسی آسانی پیدا نہیں کی، عوام بھی ہاؤسنگ پروجیکٹ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
خیال رہے وزیراعظم نےتعمیراتی شعبےسےمتعلق13رکنی نیشنل کورآرڈینشن کمیٹی تشکیل دی تھی، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کمیٹی کے کنوینر ہیں، کمیٹی وزیراعظم عمران خان کو منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا کریں گے۔













