گجرات: تھانہ بولانی کے علاقہ جگو کے رہائشی نوجوان کا اندھا قتل ٹریس، قاتل کوئی اور نہیں مقتول کا سگا ماموں نکلا
گجرات (سٹار نیوز آن لائن)تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ تھانہ بولانی کے علاقہ موضع جگو کا رہائشی نوجوان حق نواز پانچ بجے شام گھر سے بال کٹوانے کے لئے دندی دارہ گیاہوا تھا۔جب رات دیر تک وہ گھر واپس نہ آیا تو گھر والوں کو فکر لاحق ہوئی،جنہوں نے اپنے طور پر حق نواز کی تلاش و پتہ جوئی شروع کردی۔ جب صبح تک اس کا کوئی سراغ نہ ملا تو مسمی رب نواز ولد مہدی خاں (بھائی) نے پولیس تھانہ بولانی کو واقعہ کی اطلاع دی۔ وقوعہ کی اطلاع پا کر پولیس تھانہ بولانی نے فوری طور پر نامعلوم ملزمان کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کرکے مغوی کی تلاش شروع کردی۔ڈی ایس پی سرائے عالمگیر مدثر اقبال کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ بولانی شبیر حسین نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاتے ہوئے مقدمہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔ اس دوران پولیس نے مشکوک افراد کی انٹیروگیشن بھی کی اور سائنسی ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ بولانی اور ان کی ٹیم نے انتہائی محنت اور جانفشانی سے انتہائی کم عرصہ میں واقعہ کو ٹریس کرکے شاطر قاتلوں کو واردات کے ایک ماہ کے اندر گرفتار کرلیا۔ قاتل اور کوئی نہیں بلکہ مقتول حق نواز کا سگا ماموں منیر احمد عرف صاحب اور خالہ زاد محمد وقاص نکلے۔ جنہوں نے رقم کے لین دین کی وجہ سے مقتول کودندی دارہ سے بلا کر ویران جگہ پر لے گئے اور وہاں جا کر انہوں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا، وقوعہ کے بعد مقتول کو زمین میں دفنا دیا گیا تاکہ کسی کو سراغ نہ مل سکے۔پولیس نے ملزمان سے آلہ قتل پسٹل 30بور اور انکی نشاندہی پر موقع سے نعش بھی برآمد کرلی ہے۔قاتل منیر احمدکے خلاف قبل ازیں بھی قتل،ڈکیتی،چوری اور لڑائی جھگڑوں سمیت پانچ مختلف مقدمات درج ہیں۔ مزید انٹیروگیشن جاری ہے۔ ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے کہا ہے کہ قاتل کتنے ہی چالاک اور مکار کیوں نہ ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے،انہوں نے ایس ایچ او بولانی کو ہدائیت دی ہے کہ مقدمہ کی میرٹ پر تفتیش کی جائے اور انصاف کو یقینی بنایا جائے۔













