ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل کے علاقے سندیلیانوالی میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ملزم ہلاک، دو فرار

*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل کے علاقے چک نمبر 769 گ ب، مناں والا پل اور جوڑیاں نہراں کے قریب تھانہ اروتی کی حدود میں سی سی ڈی پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مبینہ ملزم زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی مبینہ طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے شخص کے قبضے سے 30 بور پسٹل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ علی الصبح تقریباً 5 بجے پیش آیا، جب سی سی ڈی پولیس کے اہلکار علاقے میں موجود تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین مشتبہ افراد پولیس کو دکھائی دیے۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں نے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی تو پولیس گاڑی کی فلیش لائٹس دیکھ کر مبینہ طور پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد پولیس اور مشتبہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے دوران ایک گولی کانسٹیبل جاوید اقبال کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگی، تاہم وہ محفوظ رہے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد تینوں مبینہ ملزمان قریبی جھاڑیوں کی جانب فرار ہوگئے۔ پولیس اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ایک شخص زخمی حالت میں ملا، جس کی شناخت محمد ارشد ولد عبدالعزیز، سکنہ جلال پور جٹاں کے طور پر ہوئی۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ زخمی شخص کے قبضے سے 30 بور پسٹل بھی برآمد ہوا۔ اسے فوری طور پر علاج کے لیے سول ہسپتال اروتی منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے کے بعد پولیس نے فرار ہونے والے دونوں مبینہ ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن مزید وسیع کردیا ہے اور مختلف راستوں، قریبی علاقوں اور مشتبہ مقامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔مبینہ پولیس مقابلے کے حوالے سے پولیس کا مؤقف ہے کہ اہلکاروں نے مشتبہ افراد کی جانب سے فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی کی، تاہم واقعے کے دیگر قانونی اور تفتیشی پہلوؤں کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔ پولیس کی جانب سے ہلاک ہونے والے مبینہ ملزم کے سابقہ ریکارڈ اور فرار ہونے والے دونوں افراد کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق علی الصبح فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی، جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فرار ہونے والے مبینہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے واقعے کی مکمل تحقیقات سامنے لائی جائیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق تمام پہلوؤں کی تفتیش کی جا رہی ہے اور شواہد کی روشنی میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔*