مولا بخش اداس ہے
سوچ رہا ہوں کچھ عرصہ چھترول والے ماحول میں گزار آٶں
تحریر۔۔۔ذیشان ظفر گوندل صدر تحصیل پریس کلب تحصیل احمدپورسیال
میرا نام مولا بخش ہے ہر تھانے اور سکول جانے والا میرے نام اور کام سے اچھی طرح واقف ہے چند دن پہلے تک سکولوں اور تھانوں میں بے تاج بادشاہ تھا ہر سو میری دہشت تھی بڑے بڑے طرم خان میری ہیبت سے گھبراتے تھے سب کو سیدھا کرنے میں میرا کوٸی ثانی نہیں تھا سرکاری اسکولوں اور تھانوں میں تو میرا جَدی پُشتِی راج تھا کٸی تھانیداروں، ہیڈ ماسڑوں اور استادوں کی شہرت میرے دم سے تھی مجھ سے ملاقات ہوتے ہی چوروں،ڈاکوٶں، منشیات فروشوں،جواریوں، بگڑے راٸیس زادوں اور نالاٸق طالب علموں کے چہرے فق ہو جاتے تھے بلکہ چیخیں نکلتی تھیں کئی تو ایسا بھاگے کبھی پلٹ کر نہ آئے جراٸم پیشہ افراد اور اسکول میں دیر سے پہچنے اور ہوم ورک نہ کرنے والوں کی تو مجھ سے روز ملاقاتیں تھیں لیکن چوروں، ڈاکوٶں اور سکول کی دیوار پھیلانگ کر باہر جا کر مزے کرنے والوں کی تو تاک میں رہتا تھا اور ایسا شاندار استقبال کرتا کہ—- خیر چھوڑیٸے
ہر عروج کو زوال ہے میرا بھی زوال آ ہی گیا زمانہ بدلا زمانے کے انداز بدلے سرکار نے میرے اوپر تھانوں اور اسکولوں میں کام کرنے پر پابندی لگا دی کیونکہ کچھ لوگوں نے میری شہرت کا غلط اور ناجاٸز استعمال کرنا شروع کر دیا تھا میری دہشت سدہارنے کے بجائے اور بگاڑ کا سبب بننے لگی اپنی کسی محرومیوں کے بدلے میرے زریعے بے گناہ لوگوں اور معصوم بچوں پر نکلنے لگے میری شہرت داغدار ہونے لگی ہر طرف سے مجھ پر انگلیاں اٹھنے لگیں ہر برائی کا میں ذمہ دار ٹھرا نیا قانون پاس ہوا اور میں معطل ہو گیا اور تھانوں سے میرا دیس نکالا ہوگیا
مولا بخش جی اب کوچ کرو
تھانوں میں دل کا لگانا کیا
اب میں اسکولوں میں موجود تو ہوں لیکن اب میری حثیت اس ایٹمی ہتھیار کی طرح ہو گٸی ہے جسے دیکھا کر ڈرایا تو جا سکتا ہے لیکن چلایا نہیں جا سکتا مجھے معطل ہونے کی ہرگز پرواہ نہیں کیونکہ میں کبھی سرکار پر بوجھ نہیں بنا تھا لیکن اب فکر اس بات کی ہے کہ جو کام میں رضاکارانہ انجام دیتا تھا وہ نٸے قانون کے بعد کیسے انجام پاٸیں گے چوریاں، ڈکیتیاں،منشیات ،جوا کون چھڑواۓ گا۔۔۔؟ بچوں کو ڈسپلن کون سکھاۓگا۔۔۔؟ تھانیدار اور استاد کی رٹ کیسے قاٸم ہو گی۔۔۔؟ چوروں،ڈاکوٶں، منشیات فروشوں، جواریوں، بگڑے راٸیس زادوں اور شراتی بچوں کو میں اب بھی للچاٸی ہوٸی نظروں سے دیکھتا ہوں لیکن کچھ نہیں کر سکتا میرے کچھ رشتہ دار محکمہ پولیس میں پکی نوکری پر ہیں اور بڑی عیش والی زندگی گزار رہے ہیں سوچ رہا ہوں کچھ عرصہ چھترول والے ماحول میں گزار آٶں شاید میری یاد آجاۓ میرے جانے کے بعد آپ کا مولا بخش












