“خدمت کی خوشبو، ظفر اقبال کی واپسی”

تحریر: سلمان احمد قریشی

اوکاڑہ کے باسیوں کے دل خوشی سے جھوم اٹھے جب ریسکیو 1122 کے ہر دلعزیز اور باوقار ڈسٹرکٹ انچارج ظفر اقبال ایک بار پھر ضلع اوکاڑہ میں اپنے منصب پر فائز ہوئے۔ گو سرکاری ملازمت میں تبادلے ایک معمول کا حصہ ہیں لیکن بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی واپسی محض ایک تقرری نہیں، بلکہ جذبات، تعلق، اعتماد اور محبت کی بحالی ہوتی ہے۔ظفر اقبال کی شخصیت میں ایک عجیب کشش، دیانت اور خدمت کا رنگ نمایاں ہے۔ اوکاڑہ میں ان کے سابقہ دور تعیناتی میں انہوں نے اپنے منصبی فرائض جس خلوص، تندہی اور فرض شناسی سے انجام دیے وہ عوامی یادداشت میں آج بھی تازہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جیسے ہی ان کی واپسی کی خبر سوشل میڈیا پر آئی، یہ خبر کسی رسمی نوٹیفکیشن کی طرح نہیں بلکہ جشنِ پذیرائی کی صورت اختیار کر گئی۔
اوکاڑہ کے شہریوں نے جس والہانہ انداز میں انہیں خوش آمدید کہا وہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ظفر اقبال محض ایک سرکاری افسر نہیں، بلکہ خدمت خلق کا استعارہ، اصول پسندی کا نمونہ، اور عوامی دلوں کا مکین ہیں۔ یہ محبت ایسی نہیں جو فقط الفاظ میں سمائے بلکہ یہ ان کی برسوں کی محنت، خلوص اور جذبہ ایثار کا صلہ ہے۔
ریسکیو 1122 خود ایک ایسا ادارہ ہے جو ہنگامی حالات میں انسانیت کی خدمت کا عَلَم تھامے ہوئے ہے۔ لیکن جب اس ادارے کی قیادت ایسے شخص کے ہاتھ میں ہو جو نہ صرف پیشہ ورانہ صلاحیت رکھتا ہو بلکہ جذبۂ خدمت بھی دل میں بسا کر رکھتا ہو تو یہ ادارہ صرف ادارہ نہیں رہتا بلکہ عوام کا محافظ اور دوست بن جاتا ہے۔
ظفر اقبال نے نہ صرف ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنایا بلکہ اہلکاروں کی تربیت، ٹیم ورک، بروقت رسپانس اور شفافیت کو فروغ دے کر ایک مثالی نظام قائم کیا۔ ان کے فیصل آباد میں قیام کے دوران بھی ان کی کارکردگی کو سراہا گیا، لیکن اوکاڑہ کے شہریوں کے دلوں میں ان کا مقام منفرد اور ناقابلِ تسخیر رہا۔
ان کی واپسی دراصل ایک امید کی واپسی ہے۔ امید کہ اب ایک بار پھر ایمرجنسی سروسز میں نظم و ضبط، فوری رسپانس، اور عوامی خدمت کا وہی معیار قائم ہوگا جس نے اوکاڑہ کو ماضی میں فخر بخشا تھا۔
ہم بطور شہری اس بات کے معترف ہیں کہ ریسکیو 1122 کی سروسز نے ہماری زندگیوں کو تحفظ دیا، حادثات کے بعد زندگی کی ڈور کو دوبارہ جوڑا اور ہر کٹھن لمحے میں ایک ہمدرد اور مددگار کا کردار ادا کیا۔ اس ادارے کو خراج تحسین پیش کرنا دراصل اُن سینکڑوں کارکنان کو سراہنا ہے جو دن رات عوام کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں۔
ظفر اقبال کی واپسی ایک فرد کی واپسی نہیں، بلکہ فرض شناسی، شفافیت، اور خدمت کے اس سنہری دور کی واپسی ہے جسے اوکاڑہ کبھی نہیں بھولا۔
ہم دعاگو ہیں کہ ان کا یہ نیا دور مزید کامیاب ہو اور ریسکیو 1122 کی کارکردگی عوامی توقعات سے بڑھ کر ہو۔ اور یہی پیغام اوکاڑہ کی عوام کی طرف سے ہے
“خدمت ہو اگر دل سے تو تبادلے منزل نہیں بدلتے بلکہ محبتیں دوبارہ لوٹ آتی!”