کامریڈ چوہدری غلام سرور کی یاد میں

تحریر . محمد زاہد مجید انور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ

*وقت گزرتا ہے مگر کچھ شخصیات اپنی جدوجہد، قربانیوں اور عوامی خدمت کی بدولت دلوں اور یادوں میں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ آج ہمیں اپنے پیارے کامریڈ چوہدری غلام سرور سے بچھڑے ایک سال بیت گیا ہے۔ وہ کسان رہنما چوہدری فتح محمد مرحوم اور سابق ایم پی اے میاں محمد رفیق کے دیرینہ ساتھی تھے۔ کسان کمیٹی کے سابق ضلعی صدر اور عوامی ورکرز پارٹی کے نامور رہنما کے طور پر ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔کامریڈ چوہدری غلام سرور نے اپنی زندگی محنت کش عوام، کسانوں اور مزدوروں کے حق میں وقف کر رکھی تھی۔ وہ ہمیشہ یہ کہتے تھے کہ جب تک کسان خوشحال نہیں ہوگا، مزدور کو اس کا حق نہیں ملے گا، اس وقت تک معاشرے میں حقیقی انصاف قائم نہیں ہوسکتا۔ انہی انقلابی نظریات اور عملی جدوجہد کی بدولت وہ نہ صرف پارٹی بلکہ عام لوگوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے تھے۔ان کی شخصیت سادگی، خلوص اور استقامت کا حسین امتزاج تھی۔ وہ ہمیشہ اپنے ساتھیوں کو حوصلہ دیتے، نئی نسل کو بیدار کرتے اور معاشرتی ناہمواریوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہتے۔ وہ بینک الحبیب کے ابرار حسن، عرفان حیدر، وسیم حیدر، ندیم عباس، اظہر عباس اور مرحوم ظفر عباس کے والد تھے۔ ان کی اولاد کے اندر بھی وہی محنت، لگن اور اصول پسندی جھلکتی ہے جو کامریڈ کی تربیت کا نتیجہ ہے۔آج جب ہم ان کی پہلی برسی پر انہیں یاد کر رہے ہیں تو یہ محض غم و دکھ کا لمحہ نہیں بلکہ عزم و حوصلے کی تجدید کا دن بھی ہے۔ ہم انہیں سرخ سلام پیش کرتے ہیں اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنی زندگی عوام کے لیے جدوجہد میں گزاری۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ کامریڈ کے ادھورے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے۔کامریڈ غلام سرور تو جسمانی طور پر ہم سے جدا ہوگئے لیکن ان کا نظریہ، ان کا حوصلہ اور ان کی جدوجہد آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔*