گورنمنٹ ہائی سکول 509 گ ب مامونکانجن کا اعزاز؛ ریاض قدیر بھٹی نے بطور پرنسپل گریڈ 19 چارج سنبھال لیا
تحریر ۔ محمد زاہد مجید انور
*گورنمنٹ ہائی سکول 509 گ ب مامونکانجن کے لیے یہ امر باعثِ فخر و اعزاز ہے کہ معروف و تجربہ کار ماہرِ تعلیم جناب ریاض قدیر بھٹی نے سکول ہذا میں بطور پرنسپل گریڈ 19 اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ ان کی تعیناتی نہ صرف ادارے کے لیے ایک اہم اعزاز ہے بلکہ یہ اس عظیم تعلیمی ادارے کے شاندار علمی و تدریسی ورثے کی بھی عکاس ہے، جہاں سے انہوں نے خود میٹرک کی تعلیم حاصل کی اور آج اسی ادارے میں بطور سربراہ خدمات انجام دینے کا موقع حاصل کیا ہے۔جناب ریاض قدیر بھٹی صاحب ایک وسیع انتظامی و تدریسی تجربہ رکھنے والی ممتاز تعلیمی شخصیت ہیں۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں مختلف اہم انتظامی عہدوں پر فرائض سرانجام دیتے ہوئے محکمہ تعلیم میں اپنی صلاحیتوں، قابلیت، دیانت داری اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔انہوں نے بطور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری ایجوکیشن) ٹوبہ ٹیک سنگھ خدمات انجام دیں، جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری ایجوکیشن) جھنگ کے طور پر بھی محکمہ تعلیم کی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں۔ اسی طرح انہیں چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی اور ضلع سرگودھا کے اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل رہاجناب ریاض قدیر بھٹی صاحب نے کنٹرولر امتحانات، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کے منصب پر بھی تین سال تک اپنی ذمہ داریاں انتہائی بہترین، شفاف اور شاندار انداز میں ادا کیں۔ ان کی انتظامی بصیرت، تعلیمی معاملات پر گرفت اور امتحانی نظام کے حوالے سے وسیع تجربہ ان کے پیشہ ورانہ سفر کا نمایاں حصہ ہے۔ان کی موجودہ تعیناتی کی سب سے خوبصورت اور قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول 509 گ ب مامونکانجن وہی ادارہ ہے جہاں سے جناب ریاض قدیر بھٹی صاحب نے خود میٹرک کی تعلیم حاصل کی۔ آج اسی درسگاہ میں گریڈ 19 کے پرنسپل کی حیثیت سے واپس آنا یقیناً ان کے لیے بھی ایک جذباتی اور قابلِ فخر لمحہ ہے اور ادارے کے لیے بھی ایک تاریخی اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔یہاں یہ امر بھی خصوصی طور پر قابلِ ذکر ہے کہ جناب ریاض قدیر بھٹی صاحب کے والد محترم جناب محمد اسلم سیف صاحب بھی اسی سکول میں اپنی تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے اور اسی ادارے سے اپنی ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہوئے۔ یوں اس خاندان کی اس عظیم درسگاہ سے وابستگی کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ ایک ہی تعلیمی ادارے سے باپ کا بطور استاد وابستہ رہنا، بیٹے کا اسی ادارے سے تعلیم حاصل کرنا اور پھر اسی درسگاہ میں گریڈ 19 کے پرنسپل کی حیثیت سے خدمات انجام دینا بلاشبہ ایک منفرد اور قابلِ تحسین مثال ہے۔جناب ریاض قدیر بھٹی صاحب کے خاندان کو تعلیم کے میدان میں خدمات کا ایک اور اعزاز بھی حاصل ہے۔ ان کے چھوٹے بھائی جناب افتخار قدیر بھٹی صاحب اس وقت گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج مامونکانجن کے انچارج اور سربراہ کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، جبکہ ان کے ایک اور چھوٹے بھائی جناب اعجاز قدیر بھٹی صاحب اس وقت گورنمنٹ ہائی سکول طارق کالونی مامونکانجن کے انچارج اور سربراہ ہیں۔اس طرح ایک ہی خاندان کے تین افراد کا مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کی سربراہی کے منصب پر فائز ہونا نہ صرف اس خاندان کی تعلیمی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ مامونکانجن کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ یہ امر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس خاندان نے تعلیم کے فروغ، نوجوان نسل کی تربیت اور سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے گورنمنٹ ہائی سکول 509 گ ب مامونکانجن کی انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ، والدین اور اہلِ علاقہ نے جناب ریاض قدیر بھٹی صاحب کی بطور پرنسپل تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی وسیع انتظامی مہارت، تعلیمی تجربہ اور قائدانہ صلاحیتوں سے ادارہ مزید ترقی کرے گا، تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم کی فراہمی میں مزید مدد ملے گی۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ جناب ریاض قدیر بھٹی صاحب کے لیے یہ محض ایک نئی تعیناتی نہیں بلکہ اپنی مادرِ علمی کی طرف ایک باوقار واپسی ہے۔ جس درسگاہ کی علمی فضاؤں میں انہوں نے اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کیا، آج اسی ادارے کی سربراہی ان کے سپرد ہونا ان کی محنت، قابلیت اور طویل تعلیمی خدمات کا خوبصورت اعتراف ہے۔بلاشبہ گورنمنٹ ہائی سکول 509 گ ب مامونکانجن کے لیے جناب ریاض قدیر بھٹی صاحب کی بطور پرنسپل گریڈ 19 تعیناتی ایک قابلِ فخر اعزاز ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ ان کی قیادت میں یہ ادارہ تعلیمی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا اور علاقے کے بچوں کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔*












