خدمت کر کے چار کام ….چوہدری عبد الستار جٹ کے نام
تحریر شیخ امتیاز رحمانی
تقریباً دو اڑھائی سو سال قبل شاہ نگر کے علاقہ پر جب سکھوں، مہا راجوں اور ہندوؤں کی اکثریت آئی تو اس کا نام گڑھ مہا راجہ میں تبدیل کیا گیام بر صغیر پاک وہند کی تقسیم کے بعد ہندوستان سے ہجرت کر کے آنے والے چوہدری کرم دین جٹ سر زمین گڑھ مہا راجہ میں آباد ہوئے۔ ان کے ہاں ایک بچے نے جنم لیا جس کا نام عبدالستار رکھا گیا ۔ جو بھائیوں میں پانچویں نمبر پر تھے۔ جن کی ابتدائی و ثانوی تعلیم گڑھ مہاراجہ میں ہوئی۔ سپورٹس میں دوڑ ،ہائی جمپ اور لانگ جمپ میں کمال کی دسترس حاصل تھی۔ فوج میں بھرتی ہونے کے بعد ملٹری انٹیلی جنس میں تقریبا 25 سال تک ملک وقوم کی خدمت کی اور پیشہ وارانہ طور پر استحکام پاکستان کے لیے اپنے فرائض کی بجا آوری میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے آبائی مسکن گڑھ مہاراجہ کو بود وباش کامرکز بنایا ، زراعت کے میدان میں تجریدی نوعیت کاکام کرکے ایک بہترین کاشتکار کے طورپر اپنا لوہا منوایا ۔ بعد ازاں خدمت خلق کے جذبات کی عملی نوعیت کے لیے میدان صحافت کا انتخاب کیا ۔ اس سلسلہ میں دھاریوال جٹ برادری کے بونہارنوجوان چوہدری عبد الستار جٹ راقم کے ہاں تشریف لائے اور صحافتی امور کی انجام دہی کے لیئے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ پرنٹ میڈیا میں روز نامہ نوائے حق کے ایڈیٹر اور روز نامہ میزان عدل ڈیرہ اسماعیل خان ” کے نمائندہ خصوصی کے طور پر علاقائی سرگرمیوں کی کوریج کر کے عوامی ترجمانی کا فریضہ سرانجام دیا۔ سوشل میڈیا کے تعارف میں اولین طور پر خدمات انجام دینے کا سہرابھی چودھری عبد الستار جٹ کے نام جاتا ہے ۔ جب راقم کی تجویز پر”سلطان نیوز ایچ ڈی آن لائین” کے نام سے سوشل میڈیا میں قدم جمائے۔ 18 مئی 2018 میں “سلطان نیوز” کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق ایم پی اے۔ عون عباس خان سیال کے برا در صغیر نوازش علی خان سیال، سابق ڈی ایس پی احمد پور سیال اور حالیہ ڈسٹرکٹ آفسیر سپیشل برانچ ٹوبہ ٹیک سنگھ مہر واجد علی بھروانہ نے خصوصی شرکت کی۔ سلطان نیوز کے لیے ایک محنتی اور جفاکش ٹیم ملک عرفان حیدر اور محمد عمر فاروق کی صورت میں میسر آئی جنہوں نے تھوڑے وقت میں سلطان نیوز ” کو بام عروج پر پہنچایا اور مختصر عرصہ میں ملک بھرسے ڈیڑھ سو نمائندگان کا تقرر کیا گیا۔ چوہدری عبدالستار جٹ نے بطور چیف ایگزیکٹو “سلطان نیوز”کے لیے شب و روز کام کیا ۔ اولین طور پر پریس کلب گڑھ مہاراجہ کے صدر اور بعد ازاں بطور چئیر مین پریس کلب گڑھ مہاراجہ کے طور پرصحافی حضرات کے درمیان رواداری – تحمل، برداشت اور علاقائی ترجمانی میں بہترین خدمات کے لیے متحرک کیا ۔ ملازمت ، زراعت ، صحافت کے میدان میں کا میابیوں کے بعد خدمات کے ایک اور میدان “سیاست” کا انتخاب کیا گیا اور انتخابات میں جنرل کونسلر منتخب ہوئے ۔ ڈیرہ داری ، وڈیرہ شاہی سیاست کا شکار ہو کر وائس چیرمین نہ بن سکے۔
خدمات کے چار میدانوں جن میں ملازمت، زراعت، صحافت اور سیاست شامل ہے میں چوہدری عبدالستار جٹ نے اپنے تئیں بھر پور جدو جہد ، کوشش اور ولولہ انگیز قیادت کی۔ دل کے عارضہ میں مبتلا ہونے کی وجہ سے 18 نومبر2023ء کو اپنے پیاروں کو داغ مفارقت دے گئے۔ چودھری عبد الستار جٹ کے وارثان میں ایک بیوہ اور دو بیٹیاں تھیں۔
بچیوں کی تعلیم و تربیت میں موصوف ہمیشہ شفقت پدری کے جذبات سے مغلوب فائدانہ کردار ادا کرتے تھے۔ 18 نومبر 2025 ان کی دوسری برسی کے موقع پر ان کے ساتھ گزرے لمحات،بیتی گھڑیاں ذہنوں میں گردش کرتی نظر آتی ہیں۔ اور یہ احساس جاگزیں ہوتا ہے کہ ابھی سو کے اٹھیں گے اور خوب باتیں کریں گے۔ مگر رب لم یزل کے سامنے ہم سر تسلیم خم کرتے ہیں، اس کی رضا پہ راضی ہیں۔ کل من علیھا فان و یبقی وجہ رب ذوالجلال والاکرام۔ اللہ تعالی کے حضورہم دست بدعاہیں کہ ان کی قبر پر رحمتیں نازل فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔آمین۔۔۔










