اہلسنت والجماعت کراچی ڈویژن کے وفد کی کمشنر کراچی سے اہم ملاقات
22 جمادی الثانی کے موقع پر مدحِ صحابہؓ جلوس اور عام تعطیل کے حوالے سے تبادلۂ خیال
کراچی (رپورٹر: ملک مبشر اعوان)
اہلسنت والجماعت کراچی ڈویژن کے ذمہ داران پر مشتمل ایک وفد نے کمشنر کراچی سے ان کے دفتر کمشنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد 22 جمادی الثانی یومِ وفات خلیفۂ بلافصل سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے موقع پر شہر میں منعقد ہونے والے عظیم الشان مدحِ صحابہؓ جلوس اور عام تعطیل کے حوالے سے تفصیلی آگاہی اور انتظامی امور پر تبادلۂ خیال تھا۔
وفد نے کمشنر کراچی کو جلوس کے روٹ، شرکاء کی متوقع تعداد، امن و امان کی صورتحال، ٹریفک انتظامات اور دیگر انتظامی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے مطالبہ کیا کہ یومِ وفات سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے موقع پر سرکاری سطح پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے تاکہ عوام بڑے پیمانے پر شرکت کر سکیں۔
کمشنر کراچی نے وفد کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ جلوس کے انعقاد کے لیے مکمل سہولیات فراہم کرے گی اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی جائے گی کہ امن و امان، صفائی، ٹریفک اور دیگر ضروری امور کو یقینی بنایا جائے۔
وفد میں شاہین اہلسنت علامہ تاج محمد حنفی، فخر السادات مولانا سید محی الدین شاہ الحسینی، فخر السادات مولانا سید عبدالرافع شاہ بخاری، ترجمان کراچی مولانا عمر معاویہ، مولانا شکیل الرحمن فاروقی، فوکل پرسن ایڈووکیٹ عاقب خان سواتی، قاری عبدالشکور اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔
آخر میں وفد نے کمشنر کراچی کا وقت دینے اور تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔












