عوام کو صاف پانی، بہتر نکاسی آب اور معیاری شہری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ عوامی خدمت کے مشن پر گامزن: کامران کاہلوں
*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) مینجنگ ڈائریکٹر واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ کامران کاہلوں نے کہا ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے اور واسا عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہری سہولیات میں اضافہ موجودہ انتظامیہ کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ واسا کی تمام ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور شہریوں کو درپیش مسائل کے بروقت ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیوریج لائنوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بحالی اور پانی کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں کامران کاہلوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا گیا ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ واسا ایک عوامی خدمت کا ادارہ ہے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ واسا کے ساتھ تعاون کریں اور پانی کے ضیاع سے گریز کرتے ہوئے اس قومی نعمت کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہر کو مزید خوبصورت اور جدید بنانے میں مدد ملے گی۔*













