ماہ مئی میں جھنگ پولیس کی بڑی کامیابیاں، 14 خطرناک گینگز کے 36 ارکان گرفتار، کروڑوں روپے کا مال مسروقہ برآمد

جھنگ (رائے منظور عابد سے) ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی قیادت میں جھنگ پولیس نے ماہ مئی کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے جاری مہم کے دوران خطرناک کریمنل گینگز، اشتہاری مجرمان، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا گیا پولیس ترجمان کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 14 خطرناک کریمنل گینگز کے 36 ارکان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے ایک کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔ اسی طرح ضلع بھر میں جاری مہم کے دوران 148 اشتہاری مجرمان اور 12 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائیوں میں 41 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ منشیات کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم کے تحت 105 منشیات فروش گرفتار کیے گئے جن کے قبضے سے 65 اعشاریہ 96 کلوگرام چرس، 3 اعشاریہ 20 کلوگرام ہیروئن، 884 لیٹر شراب اور 300 لیٹر لہن برآمد کی گئی۔ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے اس موقع پر کہا کہ جھنگ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور کسی بھی قانون شکن عنصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور عوام کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے ضلع جھنگ میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے عناصر کو ہر قیمت پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔