عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری

تحریر : محمد زاہد مجید انور

*امن و امان کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے۔ جب شہری خود کو محفوظ محسوس کریں، ان کی جان و مال کو تحفظ حاصل ہو اور قانون کی حکمرانی مضبوط ہو تو معاشرہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس کی جانب سے مؤثر اقدامات جاری ہیں، جن کی نگرانی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ خود کر رہے ہیں۔گزشتہ روز اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاری ملزمان اور قانون شکن افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی مختلف ٹیمیں دن رات متحرک ہیں اور جرائم کے خاتمے کیلئے جدید اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام امن و امان اور جرائم کی صورتحال میں نمایاں بہتری محسوس کریں گے۔اخلاق اللہ تارڑ نے پولیس فورس کو ہدایت کی ہے کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور احترام کا رویہ اختیار کیا جائے۔ ان کے مطابق پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط اعتماد ہی جرائم کے خاتمے اور مؤثر پولیسنگ کی بنیاد ہے۔ اگر شہری پولیس پر اعتماد کریں گے تو وہ جرائم کی نشاندہی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون میں بھی بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تھانوں اور دفاتر میں آنے والے سائلین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے۔ عوام کو انصاف کی فوری فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، ایمانداری اور نیک نیتی کے ساتھ ادا کرنی چاہئیں۔ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ کا یہ مؤقف نہ صرف ایک ذمہ دار پولیس افسر کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے بلکہ اس امر کا بھی اظہار ہے کہ موجودہ پولیس قیادت عوامی خدمت اور قانون کی بالادستی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام کی بھی یہ خواہش ہے کہ جرائم کے خاتمے، شہریوں کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کیلئے جاری اقدامات مزید مؤثر ثابت ہوں اور ضلع امن، ترقی اور خوشحالی کی ایک روشن مثال بنے۔بلاشبہ ایک محفوظ اور پرامن معاشرہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ اگر شہری اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور پولیس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرے تو جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکتا ہے۔ ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ کی قیادت میں جاری اقدامات اسی مثبت سمت کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیے جا رہے ہیں۔*