شدید بارش کے دوران ایم ڈی واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری کامران کاہلوں کی خود فیلڈ میں نگرانی، نکاسیٔ آب کا آپریشن بلا تعطل جاری، شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح قرار
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری کامران کاہلوں نے مون سون کی حالیہ بارش کے دوران شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے، بارشی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنانے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خود فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ بارش شروع ہوتے ہی انہوں نے واسا کے افسران، انجینئرز، سپروائزری عملے اور آپریشنل ٹیموں کے ہمراہ شہباز چوک، مصطفیٰ آباد، انڈر پاس، جھنگ روڈ، گوجرہ روڈ، صدر بازار، کچہری روڈ، ریلوے روڈ، جھنگ روڈ اور دیگر نشیبی علاقوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور نکاسیٔ آب کے جاری آپریشن کی خود نگرانی کی۔دورے کے دوران ایم ڈی واسا نے مختلف مقامات پر جمع ہونے والے بارشی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ جہاں بھی پانی جمع ہونے کی اطلاع موصول ہو وہاں فوری طور پر ڈی واٹرنگ پمپس، سکشن مشینیں، ہیوی مشینری اور اضافی افرادی قوت روانہ کی جائے تاکہ پانی کی بروقت نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ واسا کی اولین ذمہ داری ہے، اس لیے کسی بھی مقام پر غیر ضروری تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔چوہدری کامران کاہلوں نے شہر کے مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز، مین ڈرینوں، سیوریج لائنوں اور بارشی پانی کی گزرگاہوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ انجینئرز کو ہدایت کی کہ تمام مشینری ہر وقت مکمل استعداد کے ساتھ فعال رکھی جائے اور کسی بھی فنی خرابی کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل گنجائش کے ساتھ کام کریں تاکہ پانی کی نکاسی کا عمل مسلسل جاری رہے اور شہری علاقوں میں پانی کھڑا نہ ہو۔ایم ڈی واسا نے فیلڈ میں موجود افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ تمام ٹیمیں چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رہیں، اپنی ڈیوٹی کے مقامات پر موجود رہیں اور موسم کی صورتحال کے مطابق فوری فیصلے کرتے ہوئے نکاسیٔ آب کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن میں ادارے کی پوری توجہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہترین میونسپل سہولیات کی فراہمی اور صاف ستھرا ماحول مہیا کرنا واسا کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اسی مقصد کے تحت مون سون ایمرجنسی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے، کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے، جبکہ شہر بھر میں مختلف مقامات پر خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔چوہدری کامران کاہلوں نے مزید کہا کہ واسا کی تمام آپریشنل ٹیمیں جدید مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس، سکشن مشینوں اور دیگر ضروری آلات کے ساتھ مسلسل فیلڈ میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، سوشل میڈیا، ہیلپ لائن اور کنٹرول روم پر موصول ہونے والی ہر اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے اور کسی بھی علاقے میں پانی کھڑا ہونے کی صورت میں تاخیر کے بغیر نکاسی کا عمل مکمل کیا جائے۔ایم ڈی واسا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، نالوں، ڈرینوں اور سیوریج لائنوں میں کچرا، پلاسٹک بیگز اور تعمیراتی ملبہ پھینکنے سے گریز کریں تاکہ نکاسیٔ آب کا نظام متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تعاون واسا کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔شہریوں اور مختلف سماجی حلقوں نے بارش کے دوران ایم ڈی واسا چوہدری کامران کاہلوں کی خود فیلڈ میں موجودگی، مسلسل نگرانی، بروقت فیصلوں اور واسا ٹیموں کی متحرک کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی عملی حکمت عملی کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں بارشی پانی کی بروقت نکاسی ممکن ہوئی، ٹریفک کی روانی برقرار رہی اور شہریوں کو نمایاں ریلیف ملا۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ آئندہ بھی اسی جذبۂ خدمت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ مون سون سیزن کے دوران عوام کی خدمت اور نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات کو یقینی بناتا رہے گا۔











