مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ایم ڈی واسا چوہدری کامران کاہلوں،بارش شروع ہوتے ہی واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تمام ٹیمیں فیلڈ میں متحرک، نکاسیٔ آب کے لیے ہنگامی آپریشن جاری، جدید مشینری کے ذریعے برساتی پانی کی فوری نکاسی کا عمل تیز
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)مینجنگ ڈائریکٹر واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری کامران کاہلوں کی خصوصی ہدایات پر مون سون کی بارش شروع ہوتے ہی واسا کی تمام آپریشنل ٹیمیں، انجینئرز، سپروائزری عملہ اور مشینری فوری طور پر فیلڈ میں متحرک ہو گئی۔ شہر بھر میں نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر رکھنے، سیوریج لائنوں کی صفائی، مین ہولز کی ڈی سلٹنگ، برساتی پانی کی فوری نکاسی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر بھرپور آپریشن جاری ہے۔واسا کے ترجمان کے مطابق ادارے نے مون سون سیزن سے قبل ہی جامع حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے تھے۔ شہر کی مرکزی اور ذیلی سیوریج لائنوں کی صفائی، مین ہولز کی ڈی سلٹنگ، نالوں کی صفائی، مشینری کی مرمت، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی تشکیل اور حساس مقامات کی نشاندہی جیسے اقدامات بروقت مکمل کیے گئے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بارش کے آغاز کے ساتھ ہی جدید سکشن جیٹنگ مشینیں، ڈی واٹرنگ پمپس، واٹر باؤزرز اور دیگر بھاری مشینری کو شہر کے مختلف علاقوں میں روانہ کر دیا گیا۔ فیلڈ ٹیمیں مسلسل مختلف شاہراہوں، بازاروں، سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، رہائشی کالونیوں اور نشیبی علاقوں میں موجود رہ کر برساتی پانی کی نکاسی کو یقینی بنا رہی ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہری معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری کامران کاہلوں نے آپریشن کی نگرانی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ مون سون سیزن کے دوران تمام عملہ چوبیس گھنٹے الرٹ رہے، کسی بھی شکایت یا ایمرجنسی اطلاع پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور پانی جمع ہونے کی صورت میں بلا تاخیر مشینری اور عملہ موقع پر پہنچ کر نکاسیٔ آب کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت، معیاری اور بلا تعطل شہری سہولیات کی فراہمی واسا کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔چوہدری کامران کاہلوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کو صاف، محفوظ اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کا مقصد صرف بارش کے پانی کی نکاسی نہیں بلکہ شہریوں کے لیے ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں بارش کے باوجود معمولاتِ زندگی متاثر نہ ہوں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیوریج لائنوں، نالوں اور مین ہولز میں کچرا، پلاسٹک بیگز، ملبہ اور دیگر ٹھوس فضلہ پھینکنے سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے نکاسیٔ آب کا نظام متاثر ہوتا ہے اور بارش کے دوران پانی جمع ہونے کے مسائل جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور خوبصورت شہر کی تعمیر اداروں اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، لہٰذا ہر فرد کو اس قومی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران کنٹرول روم اور آپریشنل ٹیمیں چوبیس گھنٹے فعال رہیں گی، تمام حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا کا تمام عملہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ شب و روز اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے آخر میں اپنے پیغام میں کہا کہ “محفوظ شہر، صاف شہر، یہی ہمارا عزم ہے۔” انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ مون سون کے پورے سیزن میں بھرپور تیاری، جدید وسائل اور پیشہ ورانہ انداز میں خدمات انجام دیتا رہے گا تاکہ شہریوں کو بہترین نکاسیٔ آب کی سہولیات میسر رہیں اور شہر کو صاف، محفوظ اور خوبصورت رکھا جا سکے۔













