کمیٹی بازار بیوٹیفکیشن میں ناقص میٹریل کے استعمال کا نوٹس خوش آئند، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے: چوہدری محمد انور گجر
*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر ضلعی رہنما، سابق صدر کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن اور معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری محمد انور گجر نے حالیہ مون سون بارشوں کے بعد کمیٹی بازار میں کروڑوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے بیوٹیفکیشن منصوبے میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل کے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے منصوبے کا نوٹس لینا قابل تحسین اقدام ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی وسائل کے تحفظ اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا بروقت نوٹس عوام کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس اقدام پر وہ انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔چوہدری محمد انور گجر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے والا سرمایہ عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہوتا ہے، اس لیے اس کی ایک ایک پائی امانت ہے۔ اگر کسی منصوبے میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا یا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے تو اس کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی ادارہ، ٹھیکیدار یا متعلقہ اہلکار عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے کی جرات نہ کر سکے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ کمیٹی بازار بیوٹیفکیشن منصوبے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری کرائی جائے، تمام حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور اس معاملے میں ملوث افسران، ٹھیکیداروں یا دیگر ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوامی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ترقیاتی منصوبوں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوامی خدمت، شفافیت اور معیاری ترقی کے مشن پر کاربند ہے اور عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی قسم کی غفلت یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔*











