شدید بارش کے باعث ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گئو شالہ قبرستان میں قبریں متاثر، شہری اپنے پیاروں کی قبروں کی حالت ضرور دیکھیں
تحریر محمد زاہد مجید انور
*ٹوبہ ٹیک سنگھ: حالیہ شدید مون سون بارشوں کے باعث شہر کے قدیمی گئو شالہ قبرستان میں متعدد قبریں بیٹھ گئی ہیں، جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف علاقوں سے آنے والے افراد نے بتایا ہے کہ مسلسل بارش اور پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے بے شمار قبروں کی مٹی بہہ گئی جبکہ کئی قبریں زمین میں دھنس چکی ہیں، جس کے باعث فوری مرمت کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔شہریوں نے ضلع بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قبرستان جا کر اپنے والدین، عزیز و اقارب اور مرحومین کی قبروں کی حالت ضرور دیکھیں اور جہاں ضرورت ہو وہاں مٹی ڈال کر ان کی مرمت کروائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی گزارش کی گئی ہے کہ اگر کسی بوسیدہ یا لاوارث قبر کا کوئی وارث موجود نہیں یا وہ عرصہ دراز سے نظر انداز ہے تو ثواب کی نیت سے ایسی ایک آدھ قبر پر بھی مٹی ڈال دی جائے تاکہ وہ مزید خراب ہونے سے بچ سکے۔ یہ ایک بہترین صدقۂ جاریہ اور مرحومین کے احترام کا عملی اظہار ہوگا۔شہریوں نے میونسپل کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ اور قبرستان انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان میں فوری طور پر مناسب مقدار میں مٹی فراہم کی جائے تاکہ لوگ آسانی سے قبروں کی مرمت کر سکیں۔ شہریوں کے مطابق اس وقت قبرستان میں مٹی کی دستیابی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث لواحقین شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان کے نشیبی حصوں کا فوری سروے کرایا جائے، پانی کی نکاسی کا مؤثر انتظام کیا جائے اور متاثرہ قبروں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ بارشوں کے دوران مزید نقصان سے بچا جا سکے۔شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ متعلقہ ادارے اس حساس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری عملی اقدامات کریں گے، کیونکہ قبروں کا احترام نہ صرف دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے بلکہ ایک مہذب معاشرے کی پہچان بھی ہے۔*













