اسلام آباد دو سال کے دوران ادویات کی قیمتوں میں چھ بار اضافہ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے باوجود ادویات کی قیمتیں کم کرنے میں ناکام ہو گئی ۔ نجی چینل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ادویات کی قیمتوں میں تقریباََ چھ بار اضافہ کیا گیا ۔ جس کے بعد ادویات کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہے اور غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہے، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت جاری کی گئیں تھی کہ ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔
جس پر ابھی تک عملدآمد نہ ہوسکا۔ تاہم اب لاک ڈاؤن کے بعد نچلے طبقے کے ساتھ ساتھ مڈل کلاس طبقہ بھی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے لوگوں کی قوت خرید انتہائی کم ہو کر رہ گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا وائرس کی وجہ سے اشیاء خوردونوش اور جراثیم کش ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے، دکاندار الله کے خوف سے بے خبر ہو کر غریب عوام کو لوٹنے میں مصروف عمل ہیں۔
پورے ملک میں لاک ڈائون کی وجہ سے دکانداروں نے فائدہ اٹھاتے ہوئے اشیاء خوردونوش اور میڈیکل سٹوروں پر ماسک، سینی ٹائزر اور دیگر جراثیم کش ادویات من مانے ریٹ پر فروخت کر رہے ہیں۔ ایک طرف کورونا کی تباہ کاریاں اور دوسری طرف یہ ظالم لوگ نازک صورتحال میں بھی عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں، خدا کے قہر اور عذاب کو ان دکانداروں نے مذاق سمجھا ہوا ہے۔ منافع خور مافیا حکومت پر حاوی نظر آتا ہے، اعلیٰ عہدیدروں کے نوٹس لینے کے باوجود قیمتوں میں کمی نہ ہونا ایک انتہائی قابل غور بات ہے۔












