سیرت اور اسکی معنویت و افادیت

تحریر، محمد توصیف خالد ، ککڑہٹہ

سیرت کا مفہوم اہل لغت (وصف ، خصلت اور کمال) گردانتے ہیں، لیکن عرف عام میں خاتم النبیین (صلی اللہ علیہ وسلم) کے اوصاف حمیدہ ، اخلاق حسنہ، کمالات عالیہ، خصائل و فضائل اور اہل بیت و صحابہ کرام (رضوان اللہ علیہم اجمعین) کے حالات و واقعات کا مطہر و مبارک تذکرہ مراد لیتے ہیں۔ سرور کونین (صلی اللہ علیہ وسلم) سے منسوب ہر اک شے سے عقیدت و محبت اور اس کا مذاکرہ کرنا جزو ایمان ہے۔

سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وسعت سمندر کی گہرائیوں سے زیادہ اور اوج ثریا سے بلند ہے۔ مطالعہ سیرت تکمیل ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ ہر طبقہ کے حامل افراد کے لیے اسوة حسنہ بہترین اور کامل نمونہ ہے۔ جامعیت و کاملیت سے مزین و مرصع سیرت تمام عالم دنیا کی کامل رہنمائ کی بہترین صلاحیت رکھتی ہے۔

مظلومیت و محکومیت ، جاہلیت و ظلمت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکلنے کا حل سیرت الرسول کے اپنانے کے سوا کوئ چارہ نہیں۔ اخوت و بھائ چارہ کی فضا کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جو سیرت پر عمل پیرا ہونے کے بغیر قطعی ناممکن ہے۔ بد امنی و انتشار سے نکلنے کا واحد ذریعہ ذات محمدی صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔