جھنگ پولیس تھانہ کوتوالی نے مقتولہ مہوش کے قاتلوں کا سراغ لگا لیا۔ مقتولہ مہوش کے قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار جبکہ چک نمبر 268 ج ب علاقہ تھانہ سیٹلائیٹ ٹاؤن میں ساجدہ نصرت کو قتل کرنے والے مقتولہ کے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا

جھنگ( سٹارنیوز)پولیس تھانہ کوتوالی نے مقتولہ مہوش کے قاتلوں کا سراغ لگا لیا۔ مقتولہ مہوش کے قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار جبکہ چک نمبر 268 ج ب علاقہ تھانہ سیٹلائیٹ ٹاؤن میں ساجدہ نصرت کو قتل کرنے والے مقتولہ کے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق مورخہ 26 مارچ کو فوارہ چوک پر مہوش بی بی کے قتل کا واقعہ پیش آیا ۔ ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دی ۔ پولیس تھانہ کوتوالی نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس بروئے کار لاتے ہوئے مہوش بی بی کے قتل میں ملوث اسکے سوتیلے بھائی سیف اللہ اور حقیقی بھائی علی عرفان کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان سے آلہ قتل پسٹل بھی برآمد کرلیا گیا ۔وجہ عناد یہ کہ مقتولہ مہوش کی شادی کے بعد شروع ہونے والی گھریلو ناچاکی کی وجہ سے اسکے والد محرم خان نے اسکی والدہ رضیہ بی بی کو قتل کیا ، مقتولہ مہوش کے شوہر نے مقتولہ کے سوتیلے بھائی حیات اللہ کو قتل کیا ۔ بعد ازاں مہوش کے بھائی امان اللہ نے اسکے شوہر کے بھائی مظہر کو قتل کر دیا ۔ مقتولہ مہوش نے اپنی والدہ کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے اپنے والد محرم کو قتل کروایا ۔ میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن جاوید اقبال کا کہنا تھا قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ چک نمبر 268ج ب علاقہ تھانہ سیٹلائیٹ ٹاؤن میں ہونے والے مقتولہ ساجدہ نصرت کے قاتل اسکے بھائی ملزم صداقت علی کو پولیس تھانہ سیٹلائیٹ ٹاؤن نے دو گھنٹے میں گرفتار کر کے ملزم سے آلہ قتل بھی برامد کیا ہے ۔ ایس پی انوسٹی گیشن کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کی بنا پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔

رپورٹ علی رحمان انصاری