ٹوبہ ٹیک سنگھ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور)ضلع بھر میں بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے انسداد پولیو مہم کا آغاز ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ سے کیا گیا۔ مہم کا باضابطہ افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے فیتہ کاٹ کر اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ چوہدری حارث امجد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف باجوہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر شہاب عالم، اور اسسٹنٹ کمشنر منور حسین بھی موجود تھے۔ تمام افسران نے مشترکہ طور پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا اور والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ قطرے پلانے سے محروم نہ رہ جائے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور تمام متعلقہ ادارے اس قومی فریضے کی ادائیگی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

رپورٹ زاہد مجید انور