پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری میاں اسلام عابد کی نمازِ جنازہ ادا، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور سابق وائس چیئرمین میاں اسلام عابد کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ مرحوم بی گروپ کے ڈائریکٹر میاں ظہیر احمد کے چچا اور معروف رینٹل اسپیشلسٹ ڈاکٹر میاں حمزہ اسلام کے والد محترم تھے۔ نمازِ جنازہ میں مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی و تجارتی حلقوں کی اہم شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مرحوم میاں اسلام عابد ایک بااصول، دیانتدار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت تھے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ضلع بھر میں عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ اپنے دور میں وہ نہ صرف پارٹی کے مضبوط وکیل رہے بلکہ سماجی اور فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش رہے۔ان کے بیٹے ڈاکٹر میاں حمزہ اسلام شعبہ طب میں اپنی شناخت رکھتے ہیں، جب کہ ان کے بھتیجے میاں ظہیر احمد بی گروپ میں کلیدی عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔ ان کے انتقال سے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے میں دکھ اور رنج کی فضا قائم ہے۔نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔












