آن لائن فراڈ سے بچاؤ پی ٹی اے کی عوامی آگاہی

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ڈیجیٹل دور نے جہاں انسانی زندگی کو سہولتوں سے بھر دیا ہے، وہیں اس نے خطرات اور مشکلات کے دروازے بھی کھول دیے ہیں۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ آج ہر شخص کی ضرورت بن چکے ہیں۔ بل کی ادائیگیاں، بینکنگ، خرید و فروخت اور رابطے سب کچھ اس چھوٹی سی ڈیوائس پر ممکن ہو گیا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے یہی سہولت فراڈیوں کے لیے بھی نیا ہتھیار بن چکی ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے حال ہی میں ایک بیان میں موبائل فون صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی آن لائن شناخت اور ذاتی و مالی معلومات کے تحفظ کے لیے محتاط رہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جعلی فون کالز، مشکوک لنکس اور دھوکہ دہی پر مبنی پیغامات تیزی سے عام ہو رہے ہیں۔ ان کے ذریعے لوگوں کو انعامی رقم یا تحائف کا لالچ دے کر کسی لنک پر کلک کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، جہاں سے ان کے بینک اکاؤنٹ اور دیگر ذاتی تفصیلات ہیک کر لی جاتی ہیں۔یہ ایک لمحۂ فکریہ ہے کہ ہماری ایک معمولی سی لاپرواہی نہ صرف ہماری محنت کی کمائی کو ضائع کر سکتی ہے بلکہ ہمیں ذہنی اذیت اور قانونی مشکلات میں بھی ڈال سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ہر انجان کال یا پیغام کے پیچھے چھپے خطرے کو سمجھیں اور جذبات میں آ کر کوئی فیصلہ نہ کریں۔پی ٹی اے کے مطابق کسی بھی مشکوک نمبر سے موصول ہونے والی کال، میسج یا لنک کو فوری طور پر پی ٹی اے سی ایم ایس موبائل ایپ کے ذریعے رپورٹ کیا جائے۔ اگر معاملہ سائبر کرائم کا ہو تو متاثرہ شہری نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی ہیلپ لائن 1799 پر رابطہ کریں۔ جبکہ مالی یا موبائل بینکنگ فراڈ کی صورت میں فوری طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہیلپ لائن 021-111-727-273 پر اطلاع دیں۔یہ بات بھی ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ فراڈیے انتہائی ماہر نفسیات ہوتے ہیں۔ وہ انسان کے لالچ، جلد بازی یا خوف کو استعمال کرتے ہیں۔ کبھی انعامی رقم کا لالچ، کبھی اکاؤنٹ بند ہونے کی دھمکی اور کبھی سستی آفر کا جال بچھا کر شکار کرتے ہیں۔ اس لیے ہمیں اپنے اندر صبر، تحقیق اور احتیاط پیدا کرنا ہوگی۔آن لائن دنیا میں محفوظ رہنے کا آسان ترین اصول یہ ہے:کبھی بھی اپنی ذاتی معلومات (شناختی کارڈ نمبر، بینک اکاؤنٹ، پاس ورڈز وغیرہ) کسی پر اعتماد نہ کریں۔کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں۔صرف مستند اور تصدیق شدہ ذرائع کو استعمال کریں۔بچوں اور بزرگوں کو بھی اس حوالے سے آگاہ کریں۔آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ ٹیکنالوجی نے ہمیں سہولت دی ہے لیکن ساتھ ہی ذمہ داری بھی۔ اپنی آن لائن شناخت کا تحفظ دراصل اپنے مستقبل، اپنے خاندان اور اپنی محنت کی کمائی کا تحفظ ہے۔ لہٰذا ہمیشہ یاد رکھیں:”احتیاط علاج سے بہتر ہے”۔*