عمرہ کی سعادت، روحانی مسرت اور سماجی ہم آہنگی کا خوبصورت امتزاج

تحریر : محمد زاہد مجید انور

*روحانیت وہ نعمت ہے جو دلوں کو سکون، ارواح کو تازگی اور زندگی کو نئی سمت عطا کرتی ہے۔ جب کوئی شخص سرزمینِ حرمین کی پاک فضا میں سانس لیتا ہے تو اس کے دل میں اللہ کے گھر کی زیارت اور نبی کریم ﷺ کے در پر حاضری کا جو نور اترتا ہے، وہ پوری زندگی کا حاصل بن جاتا ہے۔ یہی کیفیت گزشتہ روز رجانہ شہر کی معروف شخصیات چوہدری محمد رمضان اور چوہدری امیر علی کے چہروں پر نمایاں نظر آئی، جو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے۔چوہدری برادران میں چوہدری محمد رمضان امریکہ میں ایک باوقار کاروباری حیثیت رکھتے ہیں جبکہ چوہدری امیر علی مقامی سطح پر سیاسی، سماجی اور کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں خدمات کے حامل ہیں۔ دونوں بھائیوں کا یہ سفرِ حرم نہ صرف ان کے لئے روحانی انعام تھا بلکہ ان کے خاندان اور حلقہ احباب کے لئے بھی باعثِ مسرت ثابت ہوا۔گزشتہ روز جب میں اور سینئر صحافی ساجد مجید انور ان کی اقامت گاہ رجانہ پہنچے تو گھر کا ماحول روحانی خوشبو سے مہکتا محسوس ہوا۔ مبارکباد کے یہ لمحات انتہائی محبت اور اخلاص سے بھرپور تھے۔ چہرے جگمگا رہے تھے اور زبانوں پر شکر کے کلمات تھے۔ ہم نے نہ صرف انہیں مبارکباد دی بلکہ یہ دعا بھی کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے اس مبارک سفر کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، آنے والی زندگی میں ان کے لئے آسانیاں پیدا کرے اور ان کے دلوں میں مزید روحانی روشنی عطا فرمائے۔اس موقع پر سابق چیئرمین رجانہ، مرحوم چوہدری شبیر احمد ننھا کی یاد بھی تازہ ہوئی۔ مرحوم چوہدری ننھا نہ صرف سیاسی بصیرت کے حامل تھے بلکہ علاقے میں بھائی چارے اور انسانیت کی پہچان سمجھے جاتے تھے۔ ان کے ایصالِ ثواب کے لئے ہم نے خصوصی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی لغزشوں کو معاف فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور ان کے درجات بلند فرمائےاللہ رب العزت سے یہی دعا ہے کہ وہ چوہدری محمد رمضان اور چوہدری امیر علی کا عمرہ قبول فرمائے، ان کی زندگیوں کو خیر و برکت سے بھر دے، اور ہمارے معاشرے کو اسی محبت، اتحاد اور اخوت کی فضا میں ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔ آمین۔*