محرم الحرام: امن، اخوت اور اتحادِ امت کا پیغام،چوہدری محمد انور گجر کا خصوصی پیغام
تحریر ۔ محمد زاہد مجید انور
محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ اور عظمت و حرمت والا مقدس مہینہ ہے، جو ہمیں صبر، قربانی، ایثار، حق گوئی اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ خصوصاً واقعۂ کربلا ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ حق اور سچائی کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینا مومن کی شان ہے۔ان خیالات کا اظہار سابق صدر کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ، معروف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیت چوہدری محمد انور گجر نے محرم الحرام کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ کربلا کا پیغام صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ حق، عدل، انصاف اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا عملی درس ہے۔چوہدری محمد انور گجر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام، ذاکرین، امن کمیٹیوں کے اراکین، تاجروں، سماجی کارکنوں اور عوام الناس پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔ اسلام محبت، رواداری اور اتحاد کا دین ہے، اس لیے ہمیں ایسے تمام اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو انتشار یا نفرت کا سبب بن سکتے ہوں۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اداروں اور قانون نافذ کرنے والے تمام محکموں کی محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہری بھی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، جلوسوں اور مجالس کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔سابق صدر کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے تاجروں، دکانداروں اور کاروباری طبقے سے بھی اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور عزاداروں، جلوسوں کے شرکاء اور عوام الناس کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ خدمتِ خلق ہی اصل عبادت ہے اور یہی جذبہ معاشرے میں محبت اور یکجہتی کو فروغ دیتا ہے۔چوہدری محمد انور گجر نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنائے، وطنِ عزیز کو ہر قسم کے فتنوں اور آزمائشوں سے محفوظ رکھے، شہدائے کربلا کے فیوض و برکات سے ہمیں مستفید فرمائے اور ہمیں اتحاد، اخوت اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا اصل پیغام یہی ہے کہ ہم حق و صداقت کا ساتھ دیں، امن و محبت کو فروغ دیں اور ایک مضبوط، متحد اور پرامن معاشرے کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔










