محرم الحرام میں عزاداروں کی خدمت، ڈاکٹر شہاب عالم کی قیادت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مثالی انتظامات

تحریر۔ محمد زاہد مجید انور

محرم الحرام اسلامی تاریخ کا ایک انتہائی مقدس اور بابرکت مہینہ ہے جو ہمیں صبر، قربانی، ایثار اور حق و صداقت کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ اس مقدس مہینے میں ملک بھر کی طرح ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی مجالس عزا اور جلوسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں ہزاروں عزادار شرکت کرتے ہیں۔ ایسے مواقع پر سیکیورٹی، صفائی اور طبی سہولیات کی فراہمی انتہائی اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کی نگرانی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر شہاب عالم خود کر رہے ہیں۔ڈاکٹر شہاب عالم ایک متحرک، فرض شناس اور عوام دوست طبی منتظم کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے محرم الحرام کے موقع پر عزاداروں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت کے تمام شعبہ جات کو مکمل طور پر فعال کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت محرم الحرام کے دوران خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر شہاب عالم کے مطابق ضلع بھر میں منعقد ہونے والی اہم مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر خصوصی میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ان میڈیکل کیمپس میں ابتدائی طبی امداد، ادویات اور دیگر ضروری طبی سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے کلینک آن ویلز سروس کو بھی فعال بنایا گیا ہے جو مختلف مقامات پر پہنچ کر عزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم کرے گی۔ یہ اقدام خصوصاً ان افراد کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا جو گرمی، ہجوم یا دیگر طبی مسائل کی وجہ سے فوری علاج کے محتاج ہوں گے۔ڈاکٹر شہاب عالم کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت تمام سرکاری طبی مراکز میں ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور ایمبولینس سروسز کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران تمام طبی مراکز چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے تاکہ شہریوں اور عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محرم الحرام کے دوران طبی سہولیات کی فراہمی صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا عظیم فریضہ بھی ہے۔ ڈاکٹر شہاب عالم اور ان کی ٹیم اسی جذبے کے تحت اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ ان کی قیادت میں محکمہ صحت کے افسران اور عملہ دن رات محنت کر کے اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ عزاداروں کو صحت کے حوالے سے مکمل تحفظ اور سہولت میسر آئے۔یہ امر خوش آئند ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر محکمہ صحت عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ بالخصوص محرم الحرام جیسے حساس اور اہم موقع پر صحت کے شعبہ میں کیے جانے والے یہ انتظامات حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا واضح ثبوت ہیں۔ڈاکٹر شہاب عالم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محکمہ صحت عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت عزاداروں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صحت و صفائی کے اصولوں پر عمل کریں، ہجوم میں احتیاط برتیں اور کسی بھی طبی ضرورت کی صورت میں فوری طور پر قریبی میڈیکل کیمپ یا طبی مرکز سے رجوع کریں۔بلاشبہ ڈاکٹر شہاب عالم کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے کیے گئے یہ مؤثر اور بروقت انتظامات عزاداروں کے لیے اطمینان اور تحفظ کا باعث ہیں۔ ایسے مخلص اور فرض شناس افسران ہی عوامی خدمت کے حقیقی جذبے کی عملی تصویر ہوتے ہیں جو ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران طبی سہولیات کی بہترین فراہمی کے لیے ڈاکٹر شہاب عالم اور ان کی پوری ٹیم خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔