عشرۂ محرم الحرام کے دوران مثالی سکیورٹی انتظامات، ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ کی پولیس فورس کو شاباش، عوام کا زبردست خراجِ تحسین
تحریر ۔ محمد زاہد مجید انور
*محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشور کے موقع پر امن و امان کا قیام پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑا امتحان ہوتا ہے۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عشرۂ محرم الحرام کے دوران جس پیشہ ورانہ انداز میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے، وہ ضلعی پولیس کی بہترین منصوبہ بندی، بھرپور محنت اور فرض شناسی کا واضح ثبوت ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ نے عشرۂ محرم الحرام کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے پر ضلع بھر کی پولیس فورس، افسران اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے انتہائی جذبۂ خدمت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حساس ایام میں تمام افسران اور اہلکاروں نے دن رات محنت کرکے اپنے فرائض دیانت داری اور ذمہ داری سے سرانجام دیے، جس پر پوری فورس مبارکباد کی مستحق ہے۔ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے اس موقع پر پولیس افسران، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس، اسپیشل برانچ، سکیورٹی اداروں، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، علماء کرام، امن کمیٹیوں اور انجمن ہائے عزاداری کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کے باہمی رابطے اور مشترکہ کاوشوں کی بدولت ضلع بھر میں محرم الحرام کے تمام جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئیں۔دوسری جانب عوامی، سماجی، مذہبی، سیاسی اور کاروباری حلقوں نے عشرۂ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد دی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس فورس نے نہایت خوش اخلاقی، مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، جس سے عزاداروں اور شہریوں میں تحفظ اور اعتماد کا احساس پیدا ہوا۔عوامی حلقوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ضلع بھر میں سکیورٹی کے مؤثر انتظامات، جدید مانیٹرنگ سسٹم، مربوط سکیورٹی پلان، مؤثر گشت، ٹریفک کی بہترین روانی اور تمام اداروں کے درمیان مثالی کوآرڈینیشن نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف پولیس کی نہیں بلکہ ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی اداروں، علماء کرام، امن کمیٹیوں، انجمن ہائے عزاداری اور باشعور شہریوں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اسی جذبے، اتحاد اور باہمی تعاون کے ساتھ امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ مذہبی رواداری، بھائی چارہ اور قومی یکجہتی مزید مضبوط ہو۔ محرم الحرام کے دوران ضلعی پولیس کی بہترین کارکردگی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور یہی پیشہ ورانہ عزم ایک محفوظ اور پُرامن معاشرے کی ضمانت ہے۔*













