یومِ عاشور کا پُرامن انعقاد، ضلعی انتظامیہ کی بہترین حکمت عملی کامیاب، عوام کا ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کو زبردست خراجِ تحسین
تحریر: محمد زاہد مجید انور
*محرم الحرام، بالخصوص یومِ عاشور، اسلامی تاریخ کا نہایت اہم اور حساس موقع ہے۔ اس دن امن و امان کا قیام، عزاداروں کی حفاظت اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، علماء کرام اور امن کمیٹیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہوتی ہے۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں امسال یومِ عاشور کے موقع پر جس بہترین انداز میں انتظامات کیے گئے، وہ ضلعی انتظامیہ کی مؤثر منصوبہ بندی، بروقت فیصلوں اور شبانہ روز محنت کا عملی ثبوت ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے یومِ عاشور کے دوران مرکزی کنٹرول روم سے ضلع بھر کے تمام مرکزی جلوسوں اور اہم مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کی۔ وہ مسلسل متعلقہ افسران سے رابطے میں رہے اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کرتے رہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹیوں، سول ڈیفنس، واپڈا اور دیگر متعلقہ اداروں نے مربوط انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔ جلوسوں کے راستوں کی صفائی، سٹریٹ لائٹس، پانی کی فراہمی، طبی امداد، ٹریفک کی روانی، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنایا گیا، جس سے عزاداروں کو ہر ممکن سہولت میسر آئی۔یومِ عاشور کے پرامن انعقاد پر عوامی، سماجی، مذہبی، سیاسی اور کاروباری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ بہترین قیادت، مؤثر نگرانی اور تمام اداروں کے درمیان مضبوط رابطے کی بدولت ضلع بھر میں محرم الحرام کے تمام پروگرام نہایت نظم و ضبط اور پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔اس موقع پر علماء کرام، مشائخ عظام، انجمن ہائے عزاداری، تحصیل و ضلعی امن کمیٹیوں کے اراکین اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔ مقررین نے کہا کہ علماء کرام نے اپنے خطابات کے ذریعے امن، صبر، برداشت، بھائی چارے اور اتحادِ امت کا پیغام عام کیا، جبکہ امن کمیٹیوں نے مختلف طبقات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون میں قابلِ قدر کردار ادا کیا عوامی حلقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے، علماء کرام اور امن کمیٹیاں اسی جذبے، اخلاص اور باہمی تعاون کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتی رہیں گی تاکہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ ہمیشہ امن، بھائی چارے، مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کی روشن مثال بنا رہے۔یقیناً یومِ عاشور کے پرامن انعقاد نے یہ ثابت کر دیا کہ جب انتظامیہ، سکیورٹی ادارے، علماء کرام، امن کمیٹیاں اور عوام ایک مشترکہ مقصد کے لیے متحد ہو جائیں تو بڑے سے بڑا حساس موقع بھی بہترین نظم و ضبط، باہمی احترام اور امن و سکون کے ساتھ کامیابی سے مکمل کیا جا سکتا ہے۔*













