چینی طالب علموں پر امریکہ میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے دروازے بند
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے آنے والے گریجوئیٹ سٹوڈنٹس اور ریسرچرز کی آمد پر پابندی لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چین اپنے گریجوئیٹ اسٹوڈنٹس اور ریسرچرز کو امریکہ سے غیرقانونی طور پر انٹلکچوئل پراپرٹی چرانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونےوالے ایکزیکٹو آرڈر میں کہا گیا ہے کہ چین کی حکومت امریکہ سے حساس ٹیکنالوجی اور املاک دانش چرانے کے لیے ایک وسیع تر اور بھاری وسائل کے ساتھ مہم چلا رہی ہے، تاکہ وہ اپنی فوج کو جدید بنانے اور اس کی صلاحیت میں اضافہ کر سکے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ طالب علم امریکی مفادات کے لیے ضررساں ہیں، اس لیے ان کا امریکہ میں داخلہ کچھ پابندیوں اور حدود کے دائرے میں ہونا چاہیے۔ حکم نامے کا اطلاق ایف اور جے ویزہ رکھنے والوں پر ہو گا۔ تاہم، اس میں انڈر گریجوئیٹ طالب علم اور گرین کارڈ رکھنے والے شامل نہیں ہیں۔












