لاہور، پنجاب حکومت نے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے طلباء کو اگلی کلاس میں پرموٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، پنجاب کے صوبائی وزیرِ تعلیم مراد راس نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ صوبائی حکومت نے کورونا کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن کے باعث بغیر امتحانات کے تمام طلباء کو اگلی کلاسوں میں پرموٹ کردیا ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پیغام میں طلباء کو مرپوٹ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی شئیر کیا ہے جس کے مطابق سرکاری اور نجی سکولوں کے طلباء کو بغیر امتحانات کے اگلی کلاسوں میں پرموٹ کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل حکومت پنجاب نے وباء کے خاتمے تک اسکول نہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ مراد راس نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خاتمے تک حکومت نجی سکولز کھولنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح سکول کھولنے کے بجائے طلبہ اور اساتذہ کی زندگیاں ہیں۔ انہوں نے تنبیہ کی تھی کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔قبل ازیں وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ 15 جون کو اسکول کھولنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مراد راس نے کہا تھا کہ پنجاب میں سکول کھولنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے کیونکہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول کھول دیے گئے تو کورونا پھیلے گا،جو ہم ہونے نہیں دیں گے۔جبکہ سکول کھولنے کا مطالبہ کرنے والے کم ہی لوگ ہیں، یہ اکثریت کا مطالبہ نہیں ہے۔صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا تھا کہ سکول کھولنے والوں کو صرف آمدنی میں نقصان کا افسوس ہے۔15 جون کو کوئی سکول نہیں کھلے گا اور جو کھولیں گے اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ جب تک حکومتی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا کوئی تعلیمی ادارہ نہیں کھلے گا کیونکہ ہمیں بچوں کی زندگیوں کا بچانا ہے،تعلیم کا معاملہ مسئلہ نہیں۔