رمضان المبارک کی طاق راتوں میں نوافل کا ایک خوب صورت انداز

تحریر۔۔ مفتی محمد قاسم قادری

رمضان المبارک کی تمام راتوں میں اور خصوصا آخری عشرے کی طاق راتوں میں جس قدر نوافل پڑھ سکیں، پڑھنے کی کوشش کریں کہ ان راتوں میں قیام یعنی عبادت و نماز کی بہت فضیلت ہے۔ نوافل پڑھنے کا ایک خوبصورت انداز یہ بھی ہو سکتا ہے کہ دو دو رکعت کرکے بارہ رکعت نوافل پڑھیں اور ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد تین مرتبہ قل ھو اللہ شریف پڑھیں۔ ہر دو رکعت سے پہلے اللہ تعالٰی کی عبادت کی نیت کے ساتھ دل میں ایصال ثواب کے طور پر یہ نیت کرتے جائیں کہ پہلی دو رکعت کا ثواب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے پھر دو رکعت تمام انبیاء علیھم الصلوۃ والسلام کیلئے پھر دو رکعت تمام صحابہ و صحابیات رضوان اللہ علیہم اجمعین کے لیے پھر دو رکعت تمام ولیوں بزرگوں علیھم الرحمة کے لیے پھر دو رکعت تمام مسلمانوں کے لیے پھر دو رکعت اپنے والدین اور رشتے داروں کے ایصال ثواب کیلئے۔ اس طرح نوافل سے عبادت کی سعادت بھی حاصل ہو جائے گی اور تمام مقدس ہستیوں کی بارگاہ میں ثواب کا تحفہ بھی پیش ہو جائے گا، والدین سے حسن سلوک کا بھی ثواب ملے گا، ان کی روحیں خوش ہوں گی اور تمام مسلمانوں کی قبر و آخرت کا بھی بھلا ہو گا۔ اللہ کریم اپنی پاک بارگاہ میں قبول فرمائے آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ والہ وصحبہ وسلم