“میرا صحافتی سفر اور منزل”
ازقلم: طاہرعباس
جنرل سیکرٹری تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ کبیروالا*
03037967355
الطاف حُسین حالی نے کہا تھا۔ رہبر بھی، یہ ہم دَم بھی، یہ غم خوار ہمارے۔ اُستاد یہ قوموں کے ہیں، معمار ہمارے۔ بے شک کسی بھی شخصیت کی عمارت کتنی ہی بلند و بالا کیوں نہ تعمیر ہو، اُس کی بنیادوں میں بہر حال ایک اچھے استاد کی بہت مہارت سے لگائی گئی اینٹوں، مٹّی، گارے، سیمنٹ ہی کا عمل دخل ہوتا ہے اور شمع صحافت محمد جاوید اقبال خان ایک ایسے ہی یکتائے زمانہ استاد تھے کہ جنہیں اَن گنت شخصیات کے معمار ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ضلع خانیوال میں اُن کے شاگردوں میں بڑے بڑے نام شامل ہیں، ہم تو خیر اُن کی خاکِ پا بھی نہیں، لیکن ایک خوشی ضرور ہے کہ اُن خوش بختوں میں ہمارا نام بھی کہیں شامل ہے، جنہیں محمد جاوید اقبال خان کی سر پرستی میسّر رہی۔ اُن کے بحرِ علم سے چند ڈول بھرنے کی سعادت نصیب ہوئی اور بعد ازاں اُن کے پسندیدہ شاگرد کی فہرست میں جگہ بنانے کا شرف و امتیاز بھی حاصل رہا۔ محمد جاوید اقبال خان اپنے نام کی طرح سنجیدگی و متانت، تہذیب و وقار، شستگی وشائستگی کے پیکر، بہت مستحکم، پختہ عقائد و تصوّرات کی حامل شخصیت کے مالک تھے، تو ساتھ ہی نہایت شفیق، مہربان، نرم دل و نرم خُو استاد بھی تھے۔ لیکن جس طرح کبھی کبھی کسی کا کہا کوئی ایک جملہ یک بیک، براہِ راست دل میں اُترتا محسوس ہوتا ہے، کسی کا سُجھایا، دِکھایا ہوا رستہ سیدھا منزل ہی تک لے جاتا ہے، بالکل اِسی طرح بحیثیت طالبعلم اگرچہ ہمارا اُن سے قربت کا تعلق کم عرصے پر محیط رہا، لیکن بہت دیرپا تھا، جس کے اثرات، نقوش اپنی ہستی پر آج بھی بڑے گہرے، بہت پائیدار محسوس ہوتے ہیں۔ محمد جاوید اقبال خان کی وفات کے بعد میں کچھ عرصہ صحافت سے کنارہ کر لیا اور اپنے گھر تک محدود ہوکر رہ گیا۔ تقریبا ایک سال بعد کبیروالا کے فعال صحافی راو شفیق صاحب سے ملاقات ہوئی تو دوبارہ ان کے ساتھ کوریج کرنا شروع کر دیں۔ وقت گزرتا گیا اور آخر کار ایک دن شمس گجر بیوروچیف ملتان ویلی کی کال آئی اور ملنے کا اصرار کیا تقریبا دو گھنٹے بعد تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ کبیروالا میں ملاقات ہوئی جہاں پر انہوں نے تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ کبیروالا میں شامل ہونے کی دعوت دی اور اگلی ملاقات کا ٹائم طے ہوا۔ اگلے روز صبح شمس گجر کی کال موصول ہوئی تو وعدہ کے مطابق میں تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ کبیروالا پہنچا جہاں پر پریس کلب کے چیئرمین ملک ظفرافضال حیدر صاحب اور صدر قسور عباس خان صاحب اور پریس کلب ممبران شامل تھے یہ میری پریس کلب والوں سے پہلی ملاقات تھی۔ گفتگو کئی گھنٹے جاری رہی بلآخر میں نے پریس کلب کے ساتھ چلنے کی حامی بھر لی۔ شاید میرا یہی ایک فیصلہ میرے مخالفین کی ایک لمبی فہرست بنا۔ خصوصاً وہ ایک واقعہ تو بس زندگی کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا کہ جس نے سوچوں کا رُخ ہی بدل دیا، گویا اگلی پوری زندگی کے لیے ایک لائحہ عمل مرتّب ہوگیا۔
بلاشبہ، میرا شمار پہلے دن ہی سے ابلاغِ عامّہ کے اچھے طلبہ میں ہوتا تھا، لیکن کسی بھی استاد نے کبھی اس طور ہمت بندھائی، نہ حوصلہ افزائی کی، جیسی چیئرمین ملک ظفرافضال حیدر نے اپنی غالباً دوسری یا تیسری ہی ملاقات میں کی، جب چیئرمین صاحب نے تمام پریس کلب ممبران کو ایم ایس عمارہ اور عملہ THQ کی بدتمیزی پر ایک اہم تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبیروالا واقعے کے حوالے سے ایک تاثراتی تحریر “مسیحائی کے لبادہ میں لپٹے غلیظ اور بد کردار لوگ” لکھنے کا اسائنمنٹ دیا۔ اگلے روز اسائنمنٹ جمع کروایا، تو دل سخت ڈرا ہوا تھا کہ چیئرمین پریس کلب بظاہر نرم خُو، خندہ رُو تھے، لیکن اُن کی سنجیدگی اور بعض اوقات عام سی بات میں بھی پنہاں گہرے معنی سے کسی بھی قسم کی خوش فہمی پر ایک پَل میں گھڑوں پانی پڑسکتا تھا۔ کچھ مزاج کا بھی اتنا اندازہ نہ تھا کہ کس قسم کا طرزِ تحریر پسند کرتے ہیں۔ پریس کلب میں ایک کے بعد ایک اسائنمنٹ چیک کر کے واپس کرتے رہے۔ ساتھ ساتھ ہر ممبر کی غلطیوں، خامیوں، کوتاہیوں کی نشان دہی بھی کرتے جا رہے تھے۔ پہلے میرا خیال تھا کہ سب کے نام حروفِ تہجّی کے اعتبار سے پکارے جا رہے ہیں۔ T سے شروع ہونے والے طالبِ علم کا نام پکارا گیا تو میری تو جیسے سانس چلنا بند ہوگئی۔ مگر میرا نام نہیں آیا۔ میری نظریں روسٹرم سے جیسے چپک سی گئی تھیں۔ اور پھر… چیئرمین پریس کلب کے ہاتھ میں صرف ایک اسائنمنٹ رہ گیا اور وہ یقیناً میرا ہی تھا۔ میری اوپر کی سانس اوپر، نیچے کی نیچے تھی۔ مجھےلگا، آج پریس کلب میں بہت ’’عزّت افزائی‘‘ ہونے والی ہے۔ چیئرمین صاحب نے میرا نام پکارا، ’’طاہر عباس‘‘ مَیں سیٹ سے کھڑا ہوگیا۔ ’’جی سر!‘‘ ’’کیا آپ یہاں آکر اپنی یہ تحریر خود پڑھ کر سُنا سکتے ہیں؟‘‘
اللہ جانتا ہے کہ سیٹ سے روسٹرم تک فاصلہ طے کرتے جیسے ایک ایک قدم مَن مَن بھر کا ہوگیا تھا۔ پھر چیئرمین کے پاس کھڑے ہو کر پورے پریس کے سامنے اپنی تحریر پڑھنا موت کے کنویں میں سائیکل چلانے کے مترادف تھا، لیکن چوں کہ تحریر سچّے احساسات و جذبات کے ساتھ بڑی دل جمعی سے لکھی تھی۔ سو، اُن ہی تاثرات کے ساتھ بہت روانی وشائستگی سے باآوازِ بلند پڑھ ڈالی۔ نظریں تحریر کی آخری سطروں پر تھیں، جب کانوں میں پہلی زور دار تالی کی آواز گونجی، جو یقیناً چیئرمین پریس کلب کی طرف سے ملنے والی داد تھی اور پھر یہ گونج بڑھتی ہی چلی گئی۔ پورا پریس کلب کی تالیوں کے شورمیں چیئرمین ملک ظفرافضال حیدر کے جملے سماعتوں سے ٹکرائے ’’شاباش! اسے کہتے ہیں تاثراتی تحریر۔‘‘ ایسی ستایش، اتنی حوصلہ افزائی، آنکھیں نمکین پانیوں سے بَھر گئیں۔ ماتھے پہ چمکتی پسینے کی بوندیں خشک اور خشک ہونٹ بھیگی سی مُسکراہٹ سے تر ہونے لگے۔ میرے لڑکھڑاتے قدم جیسے جَم سے گئے تھے۔ یوں لگا، جیسے اگلی پوری زندگی کا رُخ متعیّن ہو گیا ہے یا کم از کم اُس پگڈنڈی پر قدم ضرور جا پڑے تھے، جس نے بالآخر کسی نہ کسی روز منزل تک لے جانا تھا۔
آج اگر چار جملے لکھنے، چار لوگوں کے بیچ بیٹھ کر بات کرنی آتی ہے، تو یہ محمد جاوید اقبال خان اور چیئرمین ملک ظفراف






