ایل پی جی سلنڈر 54 روپے 60 پیسے سستا عوام کو ریلیف

تحریر ۔محمد زاہد مجید انور

ملک میں مہنگائی کے اس دور میں جہاں ہر جانب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، وہاں ایک خوش آئند خبر یہ سامنے آئی ہے کہ ایل پی جی (لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس) کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 54 روپے 60 پیسے کی کمی کر دی گئی ہے۔اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب 11.8 کلوگرام کے گھریلو استعمال کے لیے ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 2838 روپے 31 پیسے مقرر کر دی گئی ہے،یہ کمی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب شہری مہنگائی کے بوجھ تلے دبے جا رہے ہیں۔ پٹرول، بجلی، آٹا، چینی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں لگاتار اضافے نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایسے میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کمی یقیناً ایک مثبت قدم ہے۔عوامی سطح پر اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے معروف سیاسی وسماجی کاروباری شخصیت حاجی ماجد محمود حئی کا کہنا ہے کہ “یہ اچھی خبر ہے۔ اگرچہ کمی بہت زیادہ نہیں، مگر اس مہنگائی میں 50 روپے کی بچت بھی غنیمت ہے۔”ایک گھریلو خاتونِ صائمہ نواز کا کہنا تھا، “ہماری بجٹ پہلے ہی تنگ ہے، ایل پی جی کی قیمت میں تھوڑی کمی سے بھی کھانا پکانے کے اخراجات میں کچھ کمی آئے گی۔”ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ نے کہا کہ “اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں شفاف طریقے سے کمی کی گئی ہے اور ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ تاہم، حکومت کو چاہیے کہ وہ ایل پی جی کی قیمت میں مستقل استحکام کو یقینی بنائے تاکہ عوام کو مسلسل ریلیف ملتا رہے۔”تجزیہ کاروں کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں استحکام آیا تو آئندہ مہینوں میں مزید ریلیف کی امید کی جا سکتی ہے۔ حکومت سے عوام کو یہ توقع ہے کہ وہ ایسے فیصلے جاری رکھے گی جو براہ راست عام شہری کی زندگی پر مثبت اثر ڈالیں۔ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 54 روپے 60 پیسے کی کمی یقیناً ایک اچھی خبر ہے، تاہم یہ وقتی ریلیف ہے۔ مستقل بہتری کے لیے حکومت کو توانائی کے شعبے میں جامع اصلاحات اور سبسڈی کے مربوط نظام پر کام کرنا ہوگا تاکہ ہر طبقہ مستفید ہو سکے۔*