وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں ریونیو کھلی کچہریاں، شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ریونیو عوامی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد شہریوں کو ان کی زمینوں اور ریونیو سے متعلق مسائل کے فوری اور شفاف حل کی فراہمی ہے۔مرکزی کھلی کچہری ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کی۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین، متعلقہ تحصیلدار، پٹواری، قانونگو اور دیگر ریونیو افسران نے بھی شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے ریونیو سے متعلق مختلف مسائل پیش کیے جن میں انتقالات میں تاخیر، فرد کے اجرا میں رکاوٹ، زمین کی حد بندی، اور ریکارڈ کی درستگی جیسے معاملات شامل تھے۔ متعدد شکایات موقع پر ہی سنی گئیں اور ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے اس موقع پر کہا کہ ریونیو نظام میں شفافیت اور بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہم وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو بروقت اور باعزت ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔ضلع کی دیگر تحصیلوں پیر محل، کمالیہ اور گوجرہ میں بھی اسی طرز پر ریونیو کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا جن میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل براہ راست افسران کے سامنے رکھے۔ ان تقریبات کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا اور توقع ظاہر کی گئی کہ اس طرح کے اقدامات سے ریونیو معاملات میں کرپشن اور تاخیر جیسے مسائل کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ضلع انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایسی کھلی کچہریوں کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کی دہلیز پر انصاف اور سہولت پہنچائی جا سکے۔












