وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں دیہی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے چک نمبر 349 کو ماڈل ولیج پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انورسے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں دیہی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے چک نمبر 349 کو ماڈل ولیج پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد دیہی علاقوں کو شہری معیار کی سہولیات سے آراستہ کرنا اور دیہاتی عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے چک نمبر 349 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران کو ہدایت جاری کی کہ کام کی رفتار تیز اور معیار مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ولیج پروگرام دیہی ترقی کا نیا باب ہے، جو شہری سہولیات کی فراہمی کا ضامن ہے۔دورے کے دوران جشنِ آزادی اور معرکۂ حق تقریبات کے تحت ایک خصوصی شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر ماحول دوست اقدام کی عملی مثال قائم کی۔ منصوبے کے تحت 450 بڑے درخت نما پودے لگائے جائیں گے جو نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دیں گے بلکہ حب الوطنی اور قومی ذمہ داری کے جذبے کو بھی اجاگر کریں گے۔جاری ترقیاتی کاموں میں دیہات کے انفراسٹرکچر کی بہتری، صفائی کے جدید نظام کی فراہمی، سبزہ کاری اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نمائندے اور معززینِ علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے وزیراعلیٰ کے اس انقلابی اقدام کو سراہا اور علاقے کے عوام کیلئے خوش آئند قرار دیا۔یہ اقدامات اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ پنجاب حکومت دیہی علاقوں کی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے سنجیدہ اور مربوط حکمت عملی پر گامزن ہے۔











