فکر اعجاز

جھنگ کا میڈیکل کالج — ایک گزارش

تحریر: ڈاکٹر اعجاز علی چشتی

جناب مخدوم فیصل صالح حیات،
جناب مہر محمد اسلم بھروانہ
جناب نواب فیصل حیات جبوانہ،
جناب مولانا آصف معاویہ،
جناب چوہدری خالد غنی،
جناب امیر عباس خان سیال،
جناب شیخ یعقوب،
اور جناب کرنل غضنفر قریشی ایم پی اے،

یہ سطور آپ سب کے لیے ہیں۔

جھنگ کی سرزمین آپ سب کی سیاست کا محور بھی ہے اور عزت کا وسیلہ بھی۔ پچھلے ادوار میں آپ سب وزارتوں، مشیروں اور اقتدار کے مراکز کے قریب رہے، لیکن تلخ حقیقت یہ ہے کہ جھنگ اپنی بنیادی ضرورتوں سے آج بھی محروم ہے۔ یہ ایک شہر ہی نہیں، ایک صدیوں پرانی تہذیب ہے، جس کی مٹی علم اور خدمت کی پیاسی ہے۔

آج چھوٹے چھوٹے اضلاع اور تحصیلوں میں میڈیکل کالجز قائم ہو رہے ہیں۔ اوکاڑہ، لیہ، بھکر، حتیٰ کہ بھلوال جیسی تحصیل بھی اس فہرست میں شامل ہو چکی ہے۔ مگر جھنگ؟ جس نے پنجاب کو وزیروں اور مشیروں سے بھرا، آج بھی ایک میڈیکل کالج کا منتظر ہے۔

حیرت ہے کہ پٹواری کی تعیناتی ہو یا ہائی وے کے کسی ایس ڈی او کی پوسٹنگ، آپ سب تن من دھن لگا دیتے ہیں۔ ہر در کھٹکھٹاتے ہیں، ہر رسائی استعمال کرتے ہیں۔ کیا ایک میڈیکل کالج کے لیے بھی وہی جذبہ نہیں جگایا جا سکتا؟

وزیرِ اعلیٰ سیکرٹریٹ سے ایک ڈائریکٹو نکالنا کوئی مشکل کام نہیں۔ روزانہ درجنوں ڈائریکٹو نکلتے ہیں، مگر صرف اسی پر عمل ہوتا ہے جس کے ساتھ “پہیے” لگے ہوں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے ڈپٹی کمشنر یا ڈی پی او اپنی فائل پر ڈائری نمبر لگا کر آگے بھیج دیتا ہے۔ معاملہ پیچیدہ نہیں، صرف سنجیدہ نیت کا متقاضی ہے۔

آج جھنگ کے لیے گزارش ہے:
ایک ڈائریکٹو نکال دیں، جس میں “جھنگ میڈیکل کالج” کا اعلان ہو۔ چاہے اس کا نام سلطان باہو سرکار میڈیکل کالج رکھیں، شاہ جیونہ سرکار میڈیکل کالج، نواب میڈیکل کالج، یا پھر کسی بھی سیاسی خانوادے کے نام پر — تاریخ آپ کے حق میں لکھ دی جائے گی۔

یقین جانیے، ڈائریکٹو کے بعد اگلا مرحلہ بیوروکریسی خود دیکھ لے گی۔ جھنگ کے چند مخلص افسران نے بھی اشارہ دیا ہے کہ اگر اوپر سے اجازت نامہ آ جائے تو باقی معاملات وہ خود سنبھال لیں گے۔

بس اتنی درخواست ہے:
کچھ دیر کے لیے میڈیکل کالج کو بھی پٹواری کی تعیناتی یا ہائی وے کی پوسٹنگ سمجھ لیجیے۔ وہی محنت، وہی دباؤ، وہی اثر و رسوخ استعمال کیجیے۔ جھنگ کے نوجوان، مریض اور عوام اس خوشخبری کے منتظر ہیں۔

امید ہے کہ آپ اس آواز کو سنیں گے۔
اور اس کی تھوڑی نہیں پوری فکر کریں گے کیونکہ جھنگ کا حق ہے کہ اسے وہ سہولتیں ملیں جو آج چھوٹی تحصیلوں تک جا پہنچی ہیں۔
#جھنگ_میڈیکل_کالج #JhangMedicalCollege
#فکر_اعجاز #FikrEAijaz
#جھنگ_یوتھ_الائنس #JhangYouthAlliance
#عوامی_کمیٹی #AwamiCommittee
#جھنگ_کی_آواز #VoiceOfJhang
#فیصل_صالح_حیات
#مہر_اسلم_بھروانہ
#فیصل_حیات_جبوانہ
#مولانا_آصف_معاویہ
#چوہدری_خالد_غنی
#امیر_عباس_سیال
#شیخ_یعقوب
#کرنل_غضنفر_قریشی
#روز-نامہ_مرکزی_رپورٹ_لاہور

تحریر: ڈاکٹر اعجاز علی چشتی
سب ایڈیٹر : روزنامہ مرکزی رپورٹ لاہور
(بانی و چیئرمین جھنگ یوتھ الائنس، چیئرمین عوامی کمیٹی تحصیل احمد پور سیال)