تجاوزات کے خلاف آپریشن۔۔۔شہری سہولت کے لیے اہم اقدام
تحریر محمد زاہد مجید انور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ
*ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی تیز تر ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی سربراہی میں انسداد تجاوزات مہم جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس صدف ارشاد کی نگرانی میں صدر بازار جھنگ اور شورکوٹ روڈ پر بھرپور آپریشن کیا گیا۔پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم عارضی ڈھانچے، ٹھیلے اور سامان ہٹا دیا تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے ساتھ ساتھ دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں کے آگے تجاوزات ختم کریں ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ خلاف ورزی پر دو چکن شاپس کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال نے واضح پیغام دیا کہ بار بار وارننگ کے باوجود تجاوزات کرنے والوں کو اب کسی صورت رعایت نہیں ملے گی۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر صدف ارشاد نے بھی دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پیرا فورس کے اقدامات کا مقصد شہری سہولت، بازاروں کی کشادگی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ہے۔یہ حقیقت ہے کہ تجاوزات نہ صرف شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہیں بلکہ ٹریفک جام اور حادثات کے خطرے کو بھی بڑھاتی ہیں۔ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا یہ اقدام شہریوں کے لیے اطمینان اور ریلیف کا باعث ہے۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ مہم وقتی نہ ہو بلکہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے تاکہ تجاوزات دوبارہ نہ پنپ سکیں۔عوام کو بھی چاہیے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور بازاروں و سڑکوں کو کشادہ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ شہری سہولت اور بہتر ماحول سب کے لیے ہے، اس لیے ذمہ داری بھی اجتماعی ہے۔*













