دیانت داری کی جیت

تحریر محمد زاہد مجید انور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ

*ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تعلیمی دنیا کے لیے ایک خوش آئند خبر یہ ہے کہ حکومت پنجاب نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ٹوبہ ٹیک سنگھ ملک حق نواز دانش کو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج گوجرہ کا پرنسپل مقرر کر دیا ہے۔ یہ خبر صرف ایک عہدے کی تبدیلی نہیں بلکہ اس بات کی دلیل ہے کہ محنت، قابلیت اور فرض شناسی کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ملک حق نواز دانش نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ دیانت داری اور محنت کو شعار بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے مقابلے میں پانچ امیدوار میدان میں اترے لیکن کامیابی نے ان ہی کے قدم چومے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں نہ صرف 19ویں گریڈ میں ترقی دی بلکہ ایک بڑے ادارے کی سربراہی کا اعزاز بھی بخشا۔ یہ کامیابی ان کے کردار، محنت اور خلوص کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔قومیں ہمیشہ انہی اداروں پر فخر کرتی ہیں جن کے ذمہ داران اپنے فرائض کو ایمانداری اور دیانت کے ساتھ نبھاتے ہیں۔ تعلیم کا شعبہ تو ویسے بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور اگر اس شعبے کی قیادت ایسے فرض شناس افراد کے ہاتھ میں ہو تو یقیناً ترقی اور کامیابی کے دروازے خود بخود کھلنے لگتے ہیں۔گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج گوجرہ ایک اہم تعلیمی ادارہ ہے جس نے ہزاروں طلبہ کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا ہے۔ اب جب کہ اس ادارے کی قیادت ایک ایسے شخص کے سپرد کی گئی ہے جس کی ساری زندگی فرض شناسی اور دیانت داری کی مثال ہے، تو توقع کی جا سکتی ہے کہ ادارہ مزید ترقی کرے گا اور طلبہ و اساتذہ کو بہتر سہولیات اور رہنمائی ملے گی۔یہ فیصلہ نہ صرف ملک حق نواز دانش کے لیے اعزاز ہے بلکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے بھی فخر کا مقام ہے۔ ایسے باصلاحیت اور مخلص افراد کی ترقی دراصل اس بات کا اعلان ہے کہ دیانت داری اور محنت کرنے والوں کے لیے کامیابی کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں یہ لمحہ ہمیں یہ سوچنے پر بھی مجبور کرتا ہے کہ اگر ہر شعبے میں فیصلے محض قابلیت اور ایمانداری کی بنیاد پر ہوں تو ہمارے ملک کے تعلیمی ادارے، دفاتر اور نظام کس تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ملک حق نواز دانش کی یہ ترقی اس بات کا پیغام ہے کہ اصل جیت ہمیشہ محنت، کردار اور اخلاص کی ہوتی ہے۔ قوم کے ایسے ہی سپوتوں کی بدولت مستقبل روشن اور امید افزا بنتا ہے۔*