سیلاب زدگان کے ساتھ جمعیت علماء اسلام کی عملی ہمدردی

تحریر.محمد زاہد مجید انور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ

*اللہ پاک کے فضل و کرم سے، الحمدللہ، جامعہ دارالعلوم عید گاہ کا ایک وفد جمعیت علماء اسلام کے پلیٹ فارم سے سیلاب زدگان کے تعاون کے لیے جلال پور پیر والا روانہ ہوا۔ اس وفد کی قیادت محترم مولانا مفتی سید نعمان احمد عباسی شاہ صاحب اور حضرت مولانا عبدالحمید عباسی صاحب نے فرمائی۔ اس قافلے میں بندۂ ناچیز حسان احمد طلحہ، مولوی محمد معاذ عباسی اور مولوی محمد عباسی بھی شامل تھے۔جب قافلہ شجاع آباد پہنچا تو وہاں حضرت مولانا زبیر احمد صدیقی صاحب سے ملاقات ہوئی، جو جلال پور پیر والا کے متاثرہ علاقوں میں دن رات انتھک محنت کر رہے ہیں۔ ان کی جدوجہد اور عوامی خدمت کا جذبہ دیکھ کر دل کو سکون ملا کہ ہمارے علماء صرف درس و تدریس تک محدود نہیں بلکہ میدانِ عمل میں بھی انسانیت کی خدمت کے لیے پیش پیش ہیں۔اسی موقع پر وفد کی جانب سے دو لاکھ ستر ہزار روپے نقد سیلاب زدگان کی امداد کے لیے حضرت مولانا زبیر احمد صدیقی صاحب کے حوالے کیے گئے۔ یہ تعاون نہ صرف مالی امداد کی صورت میں تھا بلکہ اس میں وہ جذبۂ خیرخواہی اور اخوت بھی شامل تھی جو دین اسلام کا بنیادی پیغام ہے۔یہ حقیقت ہے کہ مصیبت اور آزمائش کے وقت ہی قوموں کا اصل کردار سامنے آتا ہے۔ جلال پور پیر والا اور اس کے گردونواح کے سیلاب زدہ عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر جمعیت علماء اسلام نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ صرف نعرے یا دعووں تک محدود جماعت نہیں، بلکہ عملی میدان میں بھی لوگوں کی زندگیوں کو سہارا دینے کے لیے موجود ہے۔علماء کرام کی یہ جدوجہد اس بات کی دلیل ہے کہ دین دار طبقہ معاشرے کی اصلاح کے ساتھ ساتھ عوام کے دکھ درد کا بھی حقیقی مداوا کرنا جانتا ہے۔ یقیناً یہ اقدام باقی سیاسی و سماجی طبقات کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ مشکل وقت میں صرف عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہی اصل خدمت ہے۔آخر میں، یہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے علماء اور مخیر حضرات کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے اور سیلاب زدہ بھائیوں اور بہنوں کو جلد از جلد بحالی کی خوشخبری نصیب کرے۔ آمین۔*