آبادی میں توازن، خاندانی بہبود اور صحت مند معاشرہ

تحریر : محمد زاہد مجید انور

*وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں آبادی میں توازن، خاندانی بہبود اور ماں و بچے کی صحت سے متعلق آگاہی کو حکومتی پالیسی کا اہم ستون قرار دیا گیا ہے۔ اسی ویژن کے تسلسل میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ان اقدامات پر مؤثر اور مربوط انداز میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ معاشرتی اور معاشی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے پاپولیشن کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع میں جاری آبادی کے توازن، خاندانی بہبود اور ماں و بچے کی صحت سے متعلق سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر محمد نعیم نے اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور مختلف شعبہ جات میں کی جانے والی آگاہی مہمات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں خاندانی بہبود اور ماں و بچے کی صحت کے حوالے سے آگاہی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے اسکولوں اور کالجوں میں سیمینارز منعقد کیے جا رہے ہیں، جہاں نوجوان نسل کو آبادی میں توازن کی اہمیت، صحت مند خاندانی نظام اور بہتر مستقبل کے لیے منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد نئی نسل کو ذمہ دار شہری بنانا اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔تحصیل سطح پر فیملی میلوں کا انعقاد بھی ان آگاہی مہمات کا ایک اہم حصہ ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فروری کے مہینے میں تحصیل کمالیہ میں فیملی میلہ منعقد کیا جائے گا، جس میں بچوں کے تعلیمی و تفریحی مقابلے، ثقافتی سرگرمیاں، قوالی، فری میڈیکل کیمپس اور آگاہی سٹالز قائم کیے جائیں گے۔ ان میلوں کے ذریعے عوام کو ایک ہی جگہ صحت، تفریح اور معلوماتی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جو حکومتی اقدامات کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبادی میں توازن اور خاندانی بہبود، ماں اور بچے کی صحت سے متعلق آگاہی ہی ایک صحت مند، خوشحال اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے بے ہنگم اضافے سے معاشی اور سماجی مسائل جنم لیتے ہیں، جن کا حل صرف عوامی شعور اور مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آبادی میں توازن سے متعلق عوامی آگاہی حکومت پنجاب کی پالیسی کا اہم حصہ ہے اور ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف موجودہ مسائل کا حل تلاش کرنا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر اور محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھنا بھی ہے۔یہ اقدامات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح، صحت مند معاشرے اور پائیدار ترقی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ اس ویژن کی عملی تصویر بن کر سامنے آ رہا ہے۔*