ٹوبہ ٹیک سنگھ: دکانوں سے متعلق کیس کی لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ملتوی، آئندہ تاریخ 16 مارچ مقرر
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) مرکزی انجمن تاجران کے صدر، چیف ڈائریکٹر یس میگا مارٹ اور معروف سیاسی و سماجی کاروباری شخصیت میاں ظفر رشید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے دکانوں سے متعلق معاملات پر معزز عدالتِ عالیہ لاہور میں آج سماعت مقرر تھی، تاہم عدالت نے اس مقدمے کی آئندہ سماعت 16 مارچ 2026ء کو مقرر کر دی ہے۔میاں ظفر رشید نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران قانون کی بالادستی اور انصاف کے نظام پر مکمل یقین رکھتی ہے اور انہیں امید ہے کہ معزز عدالت عوام اور تاجر برادری کے مفاد میں منصفانہ اور بہترین فیصلہ صادر فرمائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔انہوں نے تمام تاجر بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر صبر و تحمل سے کام لیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وہ بہتری کا راستہ نکالے اور تاجر برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔ میاں ظفر رشید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی انجمن تاجران تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔*












