ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی:ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ جناب عمر عباس میلہ نے بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کے حوالے سے ایک اہم اور واضح بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے صرف 7 اور 8 فروری کو ضلع لاہور کی مخصوص حدود میں بسنت کے تہوار کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ان تاریخوں کے دوران یا اس سے قبل پتنگ بازی پر مکمل اور بدستور پابندی عائد رہے گی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے واضح کیا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی حدود میں پتنگ بازی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی اجازت جاری نہیں کی گئی اور نہ ہی مستقبل قریب میں ایسی کسی اجازت کا کوئی ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی ایک خطرناک اور جان لیوا سرگرمی ہے جس کے باعث ماضی میں نہ صرف قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں بلکہ درجنوں شہری شدید زخمی بھی ہوئے، اسی لیے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ نے عوامی تحفظ کے پیش نظر اس پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے، ضلع پولیس اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ اور متحرک ہوں گے۔ پتنگ بازی، کیمیکل ڈور کی تیاری، ذخیرہ اندوزی، خرید و فروخت یا استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے ساتھ ساتھ گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ والدین اور سرپرستوں کی یہ بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں پتنگ بازی جیسے خطرناک مشغلے سے دور رکھیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف خود اس غیر قانونی سرگرمی سے اجتناب کریں بلکہ اپنے بچوں، رشتہ داروں اور اہلِ محلہ کو بھی اس کے نقصانات سے آگاہ کریں کیونکہ انفرادی لاپرواہی اجتماعی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے شہریوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، قانون کی پاسداری کریں اور ایک محفوظ، پرامن اور مہذب معاشرے کے قیام میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پتنگ بازی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمے داری خلاف ورزی کرنے والوں پر عائد ہوگی۔*