عوامی خدمت اور شاندار کارکردگی کا اعتراف، اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ منور حسین کملانہ سیال اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ عوامی تحسین کے مستحق قرار

تحریر : محمد زاہد مجید انور

*پنجاب حکومت کی جانب سے عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور مؤثر انتظامی اقدامات کے فروغ کے لیے جاری کارکردگی جانچنے کے نظام میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ پنجاب زمین (Punjab Zameen) کے مئی 2026 کے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز (KPI) ڈیش بورڈ کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل نے پنجاب بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے انتظامی صلاحیت، بہترین نگرانی اور عوام دوست پالیسیوں کا عملی ثبوت پیش کیا ہے۔اس شاندار کامیابی میں اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال کی متحرک قیادت اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی مؤثر نگرانی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ ان کی شبانہ روز محنت، بروقت فیصلوں، عوامی مسائل کے فوری حل اور سرکاری امور میں شفافیت نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کو صوبے کے نمایاں اضلاع میں شامل کر دیا ہے۔اس کامیابی کی خبر سامنے آتے ہی ضلع بھر کے عوامی، سماجی، کاروباری اور سیاسی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین حکمت عملی، عوامی خدمت کے جذبے اور انتھک محنت نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا نام پورے پنجاب میں روشن کیا ہے۔ عوام کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی میں واضح بہتری، ریونیو معاملات میں شفافیت، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی نے شہریوں کا اعتماد مزید مضبوط کیا ہے۔مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں، تاجر برادری، وکلاء، کسان نمائندوں، اساتذہ، صحافیوں اور شہریوں نے اس کامیابی کو پوری ضلعی انتظامیہ، ریونیو افسران اور دیگر سرکاری ملازمین کی اجتماعی محنت کا ثمر قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا اور ٹوبہ ٹیک سنگھ مزید کامیابیاں اپنے نام کرے گا۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے متعارف کرائے گئے کارکردگی کے مؤثر نظام کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے صحت مند مقابلے کا رجحان فروغ پا رہا ہے اور افسران عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی سے دیگر اضلاع بھی مزید بہتر نتائج دینے کے لیے متحرک ہوں گے۔شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دیانت داری اور عوام دوست طرزِ عمل کے ذریعے آئندہ بھی ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے اسی جذبے کے ساتھ خدمات انجام دیتے رہیں گے۔اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے، عوامی خدمت کی توفیق دے اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ترقی، خوشحالی اور مثالی انتظامی کارکردگی کی نئی منزلوں سے ہمکنار فرمائے۔ آمین۔*