ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ سلمان شجاع نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولیات کی بروقت اور باآسانی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے واسا کو مزید فعال بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ شہریوں کو صاف پانی اور نکاسی آب جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے

*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا ٹوبہ ٹیک سنگھ سلمان شجاع نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولیات کی بروقت اور باآسانی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے واسا کو مزید فعال بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ شہریوں کو صاف پانی اور نکاسی آب جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمنِ صحافیاں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور اس کے گردونواح میں واسا کی کمپلینٹ سسٹم کو مؤثر اور فعال بنایا جا رہا ہے، تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔سلمان شجاع نے واضح کیا کہ واسا کے تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دیانتداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، تاکہ عوام کو کسی قسم کی شکایت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور واسا اس ویژن کے مطابق اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شکایات کے بروقت اندراج اور ان کے فوری حل سے نہ صرف شہریوں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ شہری سہولیات کے نظام میں بھی بہتری آئے گی۔عوامی حلقوں نے واسا کی جانب سے کیے جانے والے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان سے شہری مسائل میں واضح کمی واقع ہوگی۔*