تحصیل احمد پور سیال میں “گریجویٹ پریس کلب” کا قیام

تحریر ۔حسیب ربانی گڑھ_مہاراجہ

تحصیل احمد پور سیال میں “گریجویٹ پریس کلب” کا قیام یقیناً ایک مثبت،خوش آئند اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آج کے اس دور میں جہاں صحافت صرف خبر دینے تک محدود نہیں رہی بلکہ معاشرے کی فکری اور اخلاقی تربیت کا ذریعہ بھی بن چکی ہے، وہاں تعلیم یافتہ، باکردار اور باشعور صحافیوں کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا علاقے کے لیے نیک شگون ہے۔

شیخ امتیاز احمد رحمانی ،علی امجد چوہدری اور امجد علی ڈھول سمیت تمام ذمہ داران نے جس سنجیدگی کے ساتھ اس فورم کی بنیاد رکھنے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں وہ اس بات کی علامت ہے کہ تحصیل احمد پور سیال میں مثبت، ذمہ دار اور بااصول صحافت کو فروغ دینے کی ایک حقیقی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ اقدام نہ صرف نوجوان صحافیوں کی رہنمائی کرے گا بلکہ صحافت کے نام پر ذاتی مفادات، خوشامد، بلیک میلنگ اور غیر سنجیدہ رویوں کی حوصلہ شکنی بھی کرے گا۔

ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ ہمارے معاشرے میں صحافت جیسے مقدس پیشے کو بعض ایسے عناصر نے نقصان پہنچایا جو نہ تعلیم رکھتے ہیں، نہ اخلاقی معیار اور نہ ہی عوامی مسائل کی حقیقی سمجھ۔کچھ لوگ صحافت کو صرف ذاتی تشہیر، سیاسی خوشامد یا لوگوں کو دباؤ میں لانے کا ذریعہ سمجھ بیٹھے ہیں، جس سے اصل اور باوقار صحافیوں کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔

ایسے ماحول میں “گریجویٹ پریس کلب” جیسے فورمز امید کی نئی کرن ہیں۔

تاہم مثبت تنقید ہر اچھے ادارے کی بہتری کے لیے ضروری ہوتی ہے۔اس نئے فورم کو چاہیے کہ یہ صرف نام اور عہدوں تک محدود نہ رہے بلکہ عملی طور پر نوجوان صحافیوں کی تربیت، صحافتی اخلاقیات، تحقیقاتی رپورٹنگ اور عوامی مسائل اجاگر کرنے پر بھی توجہ دے۔

اگر اس پلیٹ فارم میں میرٹ، اتحاد، برداشت اور غیر جانبداری کو برقرار رکھا گیا تو یہ ادارہ مستقبل میں تحصیل احمد پور سیال کی صحافت کا مضبوط ترین نمائندہ بن سکتا ہے۔

یہ بھی ضروری ہے کہ پریس کلب ذاتی اختلافات، گروپ بندی اور سیاسی و مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر صرف صحافت اور عوامی مفاد کو ترجیح دے، کیونکہ صحافت کا اصل مقصد سچ بولنا، مظلوم کی آواز بننا اور معاشرے کی اصلاح کرنا ہے۔

دعا ہے کہ “گریجویٹ پریس کلب تحصیل احمد پور سیال” علاقے میں مثبت صحافت، بھائی چارے، شعور اور حق گوئی کی نئی مثال قائم کرے اور یہاں کے نوجوانوں کو ایک بہتر سمت فراہم کرے۔

#ربانی #گریجوایٹ_پریس_کلب_کا_قیام #احمد_پور__سیال